وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں گے،ایک اور پی ٹی آئی راہنما کا انکشاف

Published on May 2, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 104)      No Comments


اگر خان صاحب کو بلیک میل کیا گیا تو وہ بلیک میل ہونے کی بجائے اسمبلیاں توڑنے کو ترجیح دیں گے،صداقت علی عباسی
لاہور (یواین پی) ہمارے ملک میں آئے روز ایک نیا پینڈورا باکس کھل رہا ہے محسوس یہی ہو رہا ہے کہ آخرمیں اس میں سے کچھ نا کچھ تو نکلے گا ہی۔پہلے بشیر میمن صاحب کے الزامات تھے کہ جس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنا اپنا موقف بھرپور زور شور سے سامنے رکھ رہے تھے اور ابھی یہ ایشو ٹھنڈا نہیں ہوا تھا کہ پی ٹی آئی کے وزیراور عمران خان صاحب کے دوست اسد عمر نے نجی ٹی وژن چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نیا پینڈورا باکس کھولا کہ وزیراعظم اسمبلیاں توڑ دیں گے۔اس کے بعد ہر نیشنل چینل پر یہی بات تھی کہ کیا واقعی وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں توڑ دیں گے؟اس سوال کا جواب ابھی تک کسی کے پاس نہیں ہے کیونکہ یہ سوال پہلی بار بلند نہیں ہوا بلکہ اس کی بازگشت پچھلے دو سالوں سے سنائی دے رہی ہے۔اسی موضوع پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی راہنما صداقت علی عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں اگر وزیراعظم عمران خان کو بلیک میل کیا گیا تو وہ بلیک میل ہونے کی بجائے اسمبلیاں توڑنے کو ترجیح دیں گے۔صداقت علی عباسی نے کہا کہ عمران خان صاحب میں جھکنا یا ہتھیار ڈال دینے والی عادت ہے ہی نہیں۔ انہیں اگر لگے گا کہ انہیں بلیک میل کیا جا رہاہے تو وہ کبھی بھی مافیا کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے اور اسمبلیاں توڑ دیں گے۔ان کی ا س بات پر پروگرام میں شامل ن لیگی راہنما مائزہ حمید نے سوال کیا کہ وزیراعظم صاحب کو بلیک میل کر کون رہا ہے۔تو اس پر صداقت علی عباسی نے آئیں بائیں شائیں سے کام لیا مگر جب ان کی طرف سے بار بار یہی بات کی گئی تو صداقت علی عباسی نے کہا کہ این آر او لینے والے کچھ لوگ ہیں جو وزیراعظم صاحب کو اپنے جرائم معاف کرانے کے لیے این آر او لینا چاہتے ہیں ان سے وزیراعظم کبھی بلیک میل نہیں ہوں گے۔صداقت علی عباسی نے یہ بھی کہا کہ میرے خیال میں عمران خان صاحب ایسا کبھی کریں گے نہیں اگرچہ وہ چیف ایگزیکٹو ہیں او ر ان کے پاس ایسا اختیار بھی ہے مگر وہ اسمبلیاں تحلیل نہیں کریں گے،یہ میرا خیال ہے باقی وزیراعظم صاحب کیا سوچتے ہیں انہوں نے اعتماد کا ووٹ لے کر قوم کو بتا دیا تھا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme