اب نہ ماسک پہننے کی ضرورت ہے، نہ ہی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ضرورت

Published on June 26, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 132)      No Comments

آئس لینڈ (یواین پی) آئس لینڈ یورپ کا پہلا ملک جس نے کورونا وائرس کو مکمل شکست دینے کے بعد تمام کرونا پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق آئس لینڈ یورپ کا واحد ملک ہے جس نے ڈیڑھ سال کی مسلسل محنت کے بعد عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈیڑھ سال تک آئس لینڈ میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل اور دیگر موثر فیصلوں کی بدولت کرونا وائرس اب ختم ہو چکا، لہذا یہ یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں ماسک سمیت دیگر تمام کورونا پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آئس لینڈ نے کورونا وبا پھوٹنے کے بعد سخت اقدامات کیے اور وبا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کئی مرتبہ سخت لاک ڈاون بھی نافذ کیا۔ آئس لینڈ کی کل آبادی 3 لاکھ 60 ہزار افراد پر مشتمل ہے، جبکہ یہاں اب تک کل 6 ہزار 637 کیسز اور صرف 30 اموات رپورٹ ہوئیں۔آئس لینڈ میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ رک چکا جس کے بعد یہاں کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب کورونا وبا سے پہلے والی زندگی کی جانب واپس لوٹنے کا وقت آگیا۔شہریوں کو بنا ماسک اور سماجی فاصلے کا خیال رکھے بنا روزمرہ کی سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔ آئس لینڈ کے شہری اب آزادانہ نقل و حرکت کر سکتے ہیں اور انہیں نارمل زندگی گزارنے سے نہیں روکا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ دنیا بھر خاص کر یورپ میں کورونا ویکسینیشن مہم بھرپور رفتار سے جاری ہے، تاہم اس کے باوجود عالمی وبا کے پھیلاو کو تاحال روکا نہیں جا سکا۔یورپ میں حالات بہتری کی جانب سے گامزن ہیں تاہم کورونا وبا کے دوبارہ پھیلاو خاص کر بھارتی اور جنوبی افریقی قسم کے پھیلاو کی وجہ سے اب بھی احتیاط کی جا رہی ہے، پابندیوں کے خاتمے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ کئی ماہرین کا خیال ہے کہ کورونا ویکسین مہم جارحانہ انداز میں چلائی جائے تو ممکن ہے کہ 2022 کے اختتام تک دنیا کورونا وبا سے پہلے والی زندگی کی جانب لوٹ جائے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes