نیا ڈینٹل کالج قائم کرنے کے لئے ورکنگ پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے ڈاکٹر یاسمین راشد

Published on August 11, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 154)      No Comments

پنجاب حکومت نے رواں مالی سال صحت کے شعبہ کے لئے 370۔ارب روپے کا تاریخ ساز بجٹ رکھا ہے
فیصل آباد (یو این پی)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں نیا ڈینٹل کالج قائم کرنے کے لئے ورکنگ پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے جو حکومت پنجاب کا صحت کے شعبہ میں اقدامات کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی سال صحت کے شعبہ کے لئے 370۔ارب روپے کا تاریخ ساز بجٹ رکھا ہے جبکہ وفاق کی طرف سے 22۔ارب روپے اس کے علاوہ ہیں۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں سینڈیکیٹ اجلاس کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ڈویژنل کمشنر ثاقب منان،وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس عفیفہ شاجیعہ،اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری اور سینڈیکیٹ کے ارکان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے جس کے دوران بھی شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے کی التجا ہے اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کے نمائندے 18سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسینیشن کرانے کا پیغام عام کریں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں آج 1240 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ چودہ اگست تک پانچ بڑے شہر فیصل آباد،لاہور، گوجرانوالہ،راولپنڈی اور ملتان میں اٹھارہ سال کی عمر کے کم ازکم 40 فیصدافراد کو ویکسینیشن لگانے کا ہدف ہے جس کی تکمیل کے لئے انتظامیہ کی جاری کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن اور ایس او پیز پر عملدرآمد ہی کورونا کے پھیلا¶ کوروک سکتا ہے۔اس وقت کیسز ستر فیصد ڈیلٹا ویرینٹ کے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ روزانہ چھ لاکھ ویکسینیشن ہو رہی ہے اور کوشش ہے لوگوں کو گھر گھر تک ویکسینیشن پہنچائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سینڈیکیٹ نے نیا ڈینٹل کالج فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چائنیز ویکسین ڈیلٹا ویری اینٹ کے خلاف زیادہ فعال ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال دسمبر تک پنجاب کی ہر فیملی کے پاس ہیلتھ کارڈ ہو گا۔اب تک 85 لاکھ ہیلتھ کارڈ تقسیم کر چکے ہیں۔ڈی جی خان اور ساہیوال میں ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ مل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مستحق مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں ادویات فری دستیاب ہیں اور علاج معالجہ کی جدید معیاری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ اب تک ساڑھے تین سو نجی اور سرکاری ہسپتال ہیلتھ کارڈ کے لئے پینل میں شامل کر چکے ہیں۔میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ جن کو چائنیز ویکسین لگ چکی ہے انہیں دوسری ویکسین نہیں لگ سکتی۔ہر اسپتال کو ہدایت ہے ایمرجنسی اور ان ڈور میں مفت ادویات فراہم کریں۔قبل ازیں سینڈیکیٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف نئے پروگرامز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بعض دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes