ارکان اسمبلی سے گہرا رابطہ رکھیں گے تاکہ باہمی مشاورت سے عوامی خدمت کا اعلی ترین معیار قائم کیا جا سکے
فیصل آباد (یو این پی) ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے کہا ہے کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی تعمیر و ترقی کے امور میں مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔ اس ضمن میں ارکان اسمبلی سے گہرا رابطہ رکھیں گے تاکہ باہمی مشاورت سے دستیاب وسائل کو احسن اندازمیں بروئے کار کر عوامی خدمت کا اعلی ترین معیار قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات ارکان اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات میاں فرخ حبیب،ارکان قومی اسمبلی،شیخ خرم شہزاد،رضا نصر اللہ گھمن،معاون خصوصی ملک عمر فاروق،ارکان صوبائی اسمبلی چوہدری علی اختراورشکیل شاہدموجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ارکان اسمبلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں / اداروں کی سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ان کے مسائل کے تیز رفتار حل کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں عوامی شکایات و مسائل سے روگردانی کرنے والے افسران کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی بھی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں محکموں کی سروسز کے معیار کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے پر توجہ مرکوز اور تمام محکموں کی کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر اورضلع کی ترقی ترجیحات میں شامل ہے اور تعمیر و ترقی کے عمل میں ارکان اسمبلی کو ساتھ لے کر چلیں گے جن کی مشاورت و تجاویز کا بھی خیر مقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کریں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے شہری ترقی اور عوامی بہبود کے مشن کو آگے بڑھایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے ارکان اسمبلی کی طرف سے نشاندہی کئے گئے بعض محکموں سے متعلقہ مسائل کے فوری ازالہ کے لئے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ارکان اسمبلی سے کوارڈینیشن میٹنگ باقاعدگی سے منعقد ہونگی اور محکموں سے متعلقہ اہداف مقرر کرکے ان کا تفصیلی جائزہ بھی لیا جائے گا۔ارکان اسمبلی نے ڈپٹی کمشنر کو تعینات ہونے پر خوش آمدید کیا اور کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے اس سلسلے میں انتظامیہ سے مکمل کوارڈینیشن قائم رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ضرورت کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کرانے کے لئے درکار فنڈز بھی حاصل کئے جائیں گے۔انہوں نے محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے،کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر عملدرآمدکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے بھر پور اقدامات ہونے چاہیں۔