حکومت پنجاب ہمیں نظر انداز کر رہی ہے،پاکستان مسلم لیگ ق

Published on November 13, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 73)      No Comments

لاہور (یواین پی) پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے اور پنجاب میں حکومت سنبھالنے کے کچھ عرصہ بعد سے ہی حکومت کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کو پنجاب حکومت سے شکوہ شکایات ہونے لگی تھیں جنہیں بعد ازاں بات چیت کر کے حل بھی کر لیا گیا تھا تاہم اب ایک مرتبہ پھر سے مسلم لیگ ق نے موجودہ پنجاب حکومت پر اظہار تحفظات کرتے ہوئے نظر انداز کیے جانے کا شکوہ کر ڈالا۔وفاقی حکومت نے بہت مشکل سے تمام متعلقہ قانون سازوں کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اکٹھا کیا تھا تاہم آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر قومی اسمبلی کا اجلاس ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردیا گیا۔وسطی پنجاب سے پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق نے ای وی ایم پر مشاورت کے لیے کچھ وقت طلب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مذکورہ تجویز پر تحفظات ہیں۔اس کے علاوہ گذشتہ روز مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر و اسپیکر صوبائی اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ سیاسی حالات پر کھل کر گفتگو کے ساتھ ساتھ حکومت پنجاب کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اس اجلاس میں سینیٹر کامل آغا نے کہا کہ اتحادی ہونے کے باوجود بجٹ کے دوران حکومت نے صرف اسمبلی کے اسپیکر سے بات کی اور تب انہیں ان کی حمایت کی ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے رویے پر متعدد شکایات موصول ہوچکی ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ فی الوقت پنجاب حکومت کے خلاف تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں اور انہوں نے اب تک وفاقی حکومت کے خلاف ناراضی کا اظہار نہیں کیا۔ جبکہ مسلم لیگ ق نے اس ضمن میں ارکان سے مشاورت کو مزید وسیع کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے جس کے لیے مسلم لیگ ق کی جانب سے کل لاہور میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔مسلم لیگ ق کے اس اجلاس میں ارکان سے آئندہ لائحہ عمل کے لیے رائے لی جائے گی۔ مسلم لیگ ق کی پنجاب میں پارلیمانی پارٹی کے اس اجلاس کی صدارت چودھری پرویز الٰہی کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسلم لیگ ق کی شکایات اور تحفظات کی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ق حکومت کی اہم اتحادی ہے، ہمیشہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر چلنے کی پالیسی اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ اگر کوئی تحفظات ہوئے تو انہیں دور کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نےاتحادیوں اور منتخب ارکان کی رائے کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题