حکومت معیشت کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر شبلی فراز

Published on February 4, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 72)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)سائنس اور ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بحالی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیر اہتمام ہونے والی ”پاکستان اکنامک کانفرنس“ پائیدار معاشی ثمرات کے حصول کیلئے نئی سمت کا تعین کرنے میں حکومت کی راہنمائی کرے گی۔ وہ چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس میں اکنامک کانفرنس کمیٹی کے چیئرمین محمد اظہر چوہدری اور ڈیلی گیشن بارے فیصل آباد چیمبر کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین انجینئر عاصم منیر بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا، اِس کے بعد عالمی مندے اور اَب تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے کمزور معیشتوں کیلئے سنگین خطرات پیداکر دیئے ہیں تاہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بتدریج معاشی بحرانوں پر قابو پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شرح نمو دوسرے علاقائی ملکوں سے بہت بہتر ہے اور اس کی تصدیق عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلہ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت اہم کردار ادا کرے گی جبکہ اُن کی وزارت فیصل آباد میں ہونے والی اکنامک کانفرنس کی کامیابی کیلئے بھی ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے خاص طورپر پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ اکنامک کانفرنس میں بھر پور حصہ لیں تاکہ صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اس قومی ادارے کی خدمات سے بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے اس کانفرنس کے حوالے سے دی جانے والی پریزنٹیشن کو بھی سراہا اور اس کو ملک و قوم کیلئے مفید بنانے کیلئے مشورے بھی دئیے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ فیصل آباد کو ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے جبکہ اس شہر کا ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں حصہ 45فیصد سے بھی زائد ہے۔ اسی طرح یہ شہر کپڑے کی 80فیصد ملکی ضروریات کو بھی پورا کر رہا ہے جبکہ یہاں بننے والی دوجدید انڈسٹریل اسٹیٹس میں بڑے پیمانے پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں یہ شہر ملک کاسب سے تیزی سے ترقی کرنے والا شہر ہوگا اور مستقبل میں اِس کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ابھی سے جامع حکمت عملی وضع کرنا ہو گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بھی اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ اُن کی آمد میں فیصل آباد میں چوتھے صنعتی انقلاب کی راہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog