پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں مفاد عامہ کی اراضی پر کڑی نظر رکھی جائے؛ ڈاکٹر فیصل عظیم

Published on May 19, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 45)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں مفاد عامہ کی اراضی پر کڑی نظر رکھی جائے اس سلسلے میں باقاعدہ انسپکشن جاری رکھیں اور کسی قسم کے قبضہ یا اراضی کے دیگر مقاصد کیلئے استعمال کی صورت میں فوری نوٹس لیکر کارروائی کریں۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں سے متعلقہ محکمانہ امور اور غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔اجلاس میں ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل رضوان نذیر، چیف انجینئر مہر ایوب گجر، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، راحیل ظفر، اسسٹنٹ ڈائریکٹرآئی ٹی عبد اللہ نور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شبیر ساجد ودیگر افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل نے سختی سے ہدایت کی کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہئے تاکہ ایسے ڈویلپرز عوام الناس کو دھوکہ نہ دے سکیں۔ انہوں نے آپریشن کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے متعلقہ افسران کی نگرانی میں مشینری سمیت ایف ڈی اے کی ٹیموں کو ہمہ وقت متحرک رہنے کا حکم دیا اور کہا ہر قسم کے غیر قانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کرنے سے گریز نہ کیاجائے۔ انہوں نے پرائیوٹ ہاؤسنگ سکیموں میں سرکاری اراضی کا ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں عوام الناس کو آگاہ رکھاجائے اس سلسلے میں سوشل میڈیا سمیت دیگر تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔ڈائریکٹر جنرل نے انفورسمنٹ انسپکٹرز/بلڈنگز انسپکٹرکو خبردار کیا کہ کسی قسم کی ملی بھگت کو قطعاً برداشت نہیں کیاجائیگا۔ لہٰذا ان کے دائرہ اختیار کے علاقہ میں کسی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے اجراء نہیں ہوناچاہئے۔انہوں نے متعلقہ افسران سے کہاکہ وہ اپنے ماتحت سٹاف کی کارگزاری کو باقاعدگی سے چیک کریں اور کسی قسم کی کوتاہی اور فرائض سے پہلو تہی کی صورت میں قصور وار ملازمین کے خلاف ایکشن لیاجائے۔ انہوں نے ٹاؤن پلاننگ کے تمام امور کو مکمل شفاف اور منظم رکھنے کی تاکید کی اور کہاکہ سرکاری فرائض میں بددیانتی یا بد نظمی کسی صوت قابل قبول نہیں لہذا ملازمین اپنا قبلہ درست رکھیں تاکہ ادارہ کی ساکھ و نیک نامی برقرار رہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes