آئندہ عام انتخابات کو صاف شفاف بنانے کے لئے کوشاں ہیں، شاہ محمود قریشی

Published on May 9, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 292)      No Comments

shah
اسلام آباد (یو این پی) پاکستان تحریک کے انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ووٹوں کی تصدیق کا عمل فوری شروع کیا جائے، آئندہ عام انتخابات کو صاف شفاف بنانے کے لئے کوشاں ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ کسی کا مینڈیٹ چوری ہو۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گزشتہ روز ایوان میں عمران خان نے 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا اور مفروضوں کی بجائے حقائق کو مدنظر رکھ کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ مقناطیسی سیاہی درست نہیں تھی، اس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی تھی مگر حکومت نے ایک سال کے دوران اس کے ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس سے ہمارے وسوسوں میں اضافہ ہوا ہے، پوری سیاسی قیادت اس صورتحال سے آگاہ ہے ۔آئین مل بیٹھ کر ملک میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد کا کوئی راستہ نکالنے کی اجازت دیتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 4 حلقوں کے ووٹوں کی تصدیق کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دے رکھی ہے، ان حلقوں میں این اے 125، این اے 154، این اے 110 اور این اے 122 شامل ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ان حلقوں کے ووٹوں کی تصدیق کا عمل فوری شروع کیا جائے، ہم آئندہ عام انتخابات کو صاف شفاف بنانے کے لئے کوشاں ہیں اور نہیں چاہتے کہ کسی کا مینڈیٹ چوری ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں سعد رفیق کی تجویز کا خیر مقدم کرتا ہوں، مگر سپریم کورٹ کے بار بار کہنے کے باوجود الیکشن کمیشن نے ریکارڈ فراہم نہیں کیا، آئندہ پیشی پر حکومت اور پی ٹی آئی سپریم کورٹ میں پیش ہو کر تحریری طور پر کہیں کہ مذکورہ حلقوں کے ووٹوں کی تصدیق کا عمل شروع کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو اس سلسلے میں سپریم کورٹ ہدایت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ میں بات کرنے کا مکمل حق رکھتے ہیں، 11 مئی کو بھی ہم اپنا یہ حق استعمال کریں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes