شاہینوں نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی

Published on September 5, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 46)      No Comments

دبئی(یواین پی) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔پاکستانی ٹیم نے بھارت کے خلاف ہدف ایک گیند پہلے ہی حاصل کر لیا، یو اے ای کی سرزمین پر قومی ٹیم نے ٹو ٹوئنٹی میں دوسری مرتبہ سب سے زیادہ رنز کا ہدف حاصل کیا۔182 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، کپتان بابر اعظم 2 چوکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 14 رنز بناکر روی بشنوئی کی گیند پر روہت شرما کو کیچ دے بیٹھے، فخر زمان 2 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 15 رنز بناکر چاہل کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔محمد نواز کو اوپر بھیجنا بھارت کے لئے سرپرائز ثابت ہوا اور انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ بھوونیشور کمار کو چھکا مارنے کی کوشش میں دیپک ہوڈا کو باؤنڈری لائن پر کیچ تھما بیٹھےمحمد رضوان نے ایک مرتبہ پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 2 چھکوں ، 6 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 71 رنز بناکر ہاردیک پانڈیا کی گیند پر سوریا کمار یادیو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، آصف علی 1 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 8 گیندوں پر 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ان کو ارشدیپ سنگھ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا ۔بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ، روی بشنوئی، ہاردیک پانڈیا اور یوزویندرا چاہل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس طرح پاکستان نے 19 اعشاریہ 5 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 182 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، خوشدل شاہ 14 اور افتخار احمد 2 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog