دھرنے والو! پاکستان کی ترقی میں روڑے نہ اٹکائو: وزیراعظم

Published on December 28, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 351)      No Comments


میانوالی(یو این پی)وزیراعظم نوازشریف نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا ہے کہ 2018 تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا 2018  میں بجلی کی قلت ہی ختم نہیں ہو گی بلکہ سستی بجلی بھی ملنا شروع ہو جائے گی۔ سستی بجلی سے ہماری انڈسٹریز کو فائدہ ہو گا، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے۔ چاروں صوبوں کے لوگ ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے چشمہ تھری نیوکلئیر پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا پاکستان میں اندھیرے پیدا کرنے والوں سے سوال پوچھا جانا چاہیے۔ قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لئے ہم نے جس سفر کا آغاز کیا تھا اس کا ایک اور سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔ یہ منصوبہ نیوکلئیر اور ٹیکنالوجی کے میدان میں پاکستان اور چین کے تعاون کی واضح مثال ہے۔ پاک چین تعاون خطے کے لئے خوشحالی اور ترقی کا پیغام ہے۔وزیراعظم نے کہا پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے۔ پاکستان اور چین آئرن برادر ہیں۔ چینی کمپنیوں کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے چشمہ کے ملازمین کے لئے دو ماہ کے بونس کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے مزید کہا چشمہ تھری سے 340 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے آغاز پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ توقع ہے کہ چشمہ فور مقررہ وقت سے پہلے بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ کے ٹو اور تھری کی تعمیر بھی توانائی پیداوار کی جانب اہم قدم ہے۔ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہماری حکومت کی ترجیحات ہیں۔نوازشریف نے کہا اٹامک انرجی کمیشن کی جوہری توانائی میں خودانحصاری قوم کے لئے باعث مسرت ہے۔ اٹامک انرجی کمیشن اہداف سے زیادہ بجلی پیدا کر کے ملکی ترقی میں کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے کہا بہت حد تک دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا، اب رہی سہی بھی ختم ہو جائے گی۔انہوں نے دھرنے والوں کو پیغام دیا کہ سب چیزیں ٹھیک ہو رہیں تو شکر ادا کرو، دھرنے چھوڑ دو۔ یہ دھرنے کسی طرف نہیں لے کر جانے والے۔ یہ پاکستان آپ سب کا ہے، اسکی ترقی میں روڑے نہ اٹکاو۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme