فیصل آباد گھنٹہ گھرپر جشن عید میلاد النبیؐ کی تقریب ، 63 پاؤنڈوزنی کیک کاٹا گیا

Published on October 9, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 59)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد گھنٹہ گھرپر جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا،مرکزی میلاد کمیٹی کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں گھنٹہ گھرپر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں 63 پاؤنڈوزنی کیک کاٹا گیااور پرچم کشائی بھی کی گئی۔تقریب میں بغداد سے شیخ عبدالقادر جیلانی کے پوتے سید عبداللطیف جیلانی نے خصوصی شرکت کی جبکہ اس موقع پر قائم مقام ڈپٹی کمشنر قیصر عباس،ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد افضل،لیگی ایم پی اے میاں طاہر جمیل، شکیل شاہدایم پی اے، ضلعی انتظامی حکام،علما و مشائخ اور میلاد کمیٹی کے ارکان سمیت فرزندان اسلام بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ نوجوان نسل کو پیغام دیتا ہے کہ وہ ایک مہذب معاشرے کے قیام کیلئے سیرت طیبہﷺ پر ریسرچ کریں انہوں نے کہا کہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالہ سے عید میلاد النبی ؐ کی تقریبات کے انعقاد سے نئی نسل میں اسلامی شعور اجاگر ہوا اورہر مکتبہ فکر سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بھرپور انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے کیونکہ آپ کی آمد سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے پروگرامات سے ایک جانب تو نسل نو کو نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ اور سیرت بارے آگاہی ملتی ہے جبکہ دوسری جانب اقوام عالم کویہ پیغام بھی دینا ہے کہ مسلمانوں کے نزدیک ان کے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا کی ہر چیز ہر رشتہ سے بڑھ کر عزیز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اصلاح کیلئے ضروری ہے کہ ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ حسنہ سے نوجوانوں کو روشناس کرائیں اور ان پر عمل کی طرف نوجوان نسل کو راغب کریں تاکہ وہ ایک عملی مسلمان کے طور پر دنیا میں ایک مسلم سفیر بن کر جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے حالات بھی اس بات کے متقاضی ہیں کہ کلمہ طیبہ کے نام پر قائم ہونے والے اس ملک سے پوری دنیا کو ایک پیغام جائے کہ ہم ایک اللہ کے ماننے والے اور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیروکار ہیں کیونکہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالی نے تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا اور اسلام کا مفہوم ہی سلامتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دنیا میں رہنے کا جو طریقہ ہمیں بتایا ہے اس سے نفرتوں سے پاک باہمی اتحاد،بھائی چارے،یگانگت،رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی پر مشتمل معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو رہنما اصول ہمیں دیئے ہیں ان پر عمل پیرا ہونے سے ہماری دنیا و آخرت کی بھلائی ممکن ہے۔آخر میں وطن عزیز کی سلامتی و استحکام، اخوت و یگانگت کی فضا کے فروغ اور تمام مشکلات سے نجات کی دعا بھی کی گئی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy