یونیورسٹیاں ریسرچ کی آماجگاہ اورموجودہ و آنیوالے مسائل کا حل تلاش کرنے کا پلیٹ فارم ہیں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

Published on January 21, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 52)      No Comments

فیصل آباد (یواین پی/ایم ایس مہر) گورنر پنجاب و چانسلر وومن یونیورسٹی فیصل آباد محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یونیورسٹیاں ریسرچ کی آماجگاہ اورموجودہ و آنیوالے مسائل کا حل تلاش کرنے کا پلیٹ فارم ہیں جبکہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین صحت، تعلیم،سیاست،بزنس سمیت تمام شعبوں میں لیڈ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں جنہیں حکومت عملی زندگی میں آکر ملک و قوم کی خدمت سمیت مردوں کے شانہ بشانہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلئے بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔وہ جمعہ کے روز گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے دوسرے کانووکیشن کے سلسلہ میں جناح آڈیٹوریم میں منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں یونیورسٹی کی6072فارغ التحصیل طالبات کو ڈگریاں عطاکی گئیں جن میں 26پی ایچ ڈی،206ایم فل و ایم ایس،1736ایم اے و ایم ایس سی،4104بی ایس ڈگری ہولڈر طالبات شامل تھیں۔علاوہ ازیں مذکورہ عرصہ میں شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوزیشن حاصل کرنیوالی 80طالبات کو گولڈ میڈل،81فارغ التحصیل گریجوایٹس کو چاندی اور 68 ٹاپرز کو کانسی کے تمغو ں سے نوازا گیا۔اس موقع پر ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ فاروق،یونیورسٹی ڈائریکٹرز،پرنسپل آفیسرز،کنٹرولر امتحانات،ٹریژر،مختلف فیکلٹیز کی ڈینز، تمام شعبہ جات کی چیئر پرسنز، انتظامی حکام،طالبات، ان کے والدین اور مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔گورنر پنجاب نے کانووکیشن سے خطاب میں طالبات کو شاندار کامیابی پر مبارک باد دی اور طالبات کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ان کیلئے یہ بات قابل فخر ہے کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی نے حالیہ رینکنگ میں قومی وعالمی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنیں اور اپنے اندر صبرو تحمل سمیت لیڈر شپ کی صلاحیت پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروقار تقریب میں شرکت ان کیلئے اعزاز ہے اور وہ تمام طالبات کو مبارک پیش کرتے ہیں جن کے والدین انہیں اس مرحلہ پرلیکر آئے کہ وہ دنیا اور آخرت کی کامیابیاں سمیٹنے کے قابل ہوئیں۔گورنر نے کہا کہ والدین کے بعد اساتذہ کا درجہ بہت اہم ہے جنہوں نے آپ کو اس قابل بنایا کہ علم و ہنر سیکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی ہیومن ریسورس سے ہے جس کے ساتھ ساتھ کسی قوم کو آگے بڑھنے کیلئے ضروری ہے کہ اسے اچھی تعلیم اور تربیت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی کامیابی میں ملک و قوم کی کامیابی ہے جبکہ ماں کو گود سے لیکر لحد تک علم حاصل کرتے رہنا اور اس سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے،ہر کسی کا مزاج ہونا چاہئے کہ وہ ساری زندگی علم و ہنر سیکھتا رہے۔محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ خواتین کا کردار کسی بھی معاشرہ کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ ایک خاتون کو تعلیم دینا ایک گھرانے کو تعلیم دینے کے مترادف ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes