فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)ڈبلنگ یاچوپاکے ذریعے سورج مکھی کی کاشت نہایت مفید ہے تاہم کاشتکاررواں ماہ کے آخر تک پلانٹر،ٹریکٹر ڈرل، سنگل رو کاٹن ڈرل، پوریاکیراکے ذریعے بھی سورج مکھی کاشت کرسکتے ہیں۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق ڈبلنگ یاچوپا کے ذریعے سورج مکھی کی کاشت کے طریقہ میں پہلے کاشتکار اڑھائی فٹ کے فاصلے پر وٹیں بنائیں پھر پانی دے کر ہر 8سے9 انچ کے فاصلے پر سوراخ کرکے ایک ایک بیج ان میں ڈال دیں۔انہوں نے کہاکہ بیج ڈالتے وقت اس امر کا خیال رکھیں کہ بیج پانی میں نہ ڈوبے کیونکہ اس طرح بیج کے خراب ہونے کا خطرہ پیداہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کھیلیوں پر لگائی ہوئی سورج مکھی کی فصل کو بہتر اگاؤ کیلئے جلد آبپاشی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے فصل کا قطاروں میں کاشت کرنا از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا2 سے اڑھائی فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ آبپاشی علاقوں میں 9 انچ تک جبکہ بارانی علاقوں میں 12 انچ تک ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکارسورج مکھی کا بیج وتر کی حالت میں کاشت کریں اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ2 انچ تک رکھیں۔