زرعی جامعات و ادارہ جات کے درمیان بین الصوبائی تعاون کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ڈاکٹر محمد سرور خاں

Published on July 13, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 90)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)دوسرے سبز انقلاب کیلئے زرعی جامعات و ادارہ جات کے درمیان بین الصوبائی تعاون کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام مل کر زرعی ترقی اور غذائی استحکام کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائیں گی۔ ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے سندھ زرعی یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد مری کے زیر قیادت سائنسدانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہو ں نے کہا کہ ملکی زرعی ترقی کیلئے تمام صوبوں کے زرعی سائنسدانوں اور ماہرین کو مربوط تحقیقی مہارتوں پر توجہ دینا ہوگی تاکہ چاروں صوبوں کے مابین تعاون کی نئی راہیں متعین کی جاسکیں۔ ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقراراحمد خاں بین الصوبائی روابط استوار کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام انڈوومنٹ فنڈ سیکرٹریٹ اور سنٹر فار ایڈوانس سٹیڈیز (CAS) کے متعدد منصوبہ جات میں سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں کے زرعی سائنسدانوں کے تحقیقی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جس سے ملکی زراعت کو ترقی دینے میں بھرپور مدد مل سکے گی۔ ڈاکٹر جان محمد مری نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی سویابین کے حوالے سے کاوشیں انتہائی متاثر کن ہیں لہذا سندھ میں سویابین کی نئی ورائٹی کے ٹرائل لگانے کیلئے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے جبکہ ہماری یونیورسٹی دونوں جامعات کے طلبہ کے تبادلہ جات اور مشترکہ تحقیقی پیش رفت کیلئے تیار ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر کے دائرہ کار میں ٹنڈوجام یونیورسٹی کوشامل کر کے ماں اور بچے کی صحت اور نیوٹریشن کے دیگر مسائل پر کثیر الجہتی پیش رفت ممکن بنائی جاسکے گی۔ یونیورسٹی کے ترجمان اور چیئرمین شعبہ حشریات پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف نے سندھ میں زرعی یونیورسٹی کے ساتھ مشترکہ تحقیقی کاوشوں کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹڈی دل کے انسداد کیلئے دونوں جامعات کے سائنسدانوں نے ماضی قریب میں جو کاوشیں کیں ان کے نتیجے میں اس قدرتی آفت کو کنٹرول کرنے میں بھرپور مدد ملی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اس قسم کے وفود کی دونوں یونیورسٹیوں میں تسلسل کے ساتھ آمد و رفت جاری رہنی چاہیے تاکہ اساتذہ اور طلبہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس موقع پر ٹنڈو جام یونیورسٹی کے وفد ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد سومرو، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبہار، ڈاکٹر محمد سلیم سرکی، ڈاکٹر عبدالواحد بلوچ اور مسٹر امیر حمزہ شامل تھے۔ وفد کے اراکین نے CAS کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ خاں سے ملاقات کی اور وہاں پریسین ایگریکلچر و دیگر جدید سہولیات سے آراستہ لیبارٹریز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔سویابین کے ماہرین،شعبہ انٹومالوجی،نظامت امور طلبہ اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ سے بھی ملاقات کی اور اس موقع پر بریفنگ حاصل کی۔ پی اینڈ ڈی کے ڈائریکٹر عرفان عباس پاک کوریہ نیوٹریشن سنٹر کی فنڈنگ کے بارے میں وفد کو آگاہ کیا۔شعبہ انٹومالوجی کے ڈاکٹر محمد دلدار خاں گوگی نے فروٹ فلائی کے مربوط طریقہ انسداد جبکہ ڈاکٹر جام نذیر احمد اور ڈاکٹر زین العابدین نے جینیاتی طریقہ انسداد پر اپنی تحقیق سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عابد علی اورناظم امور طلبہ ڈاکٹر ندیم عباس نے بھی اپنے شعبے کے متعلق تفصیلات سے وفد کو آگاہ کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme