ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کیلئے امریکا کے 3 شہر فائنل

Published on September 21, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 47)      No Comments

کراچی(یو این پی) امریکا کے تین بڑے شہر ڈیلاس، میامی اور نیویارک پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے میچز کی میزبانی کریں گے۔آئی سی سی کے مطابق نویں عالمی کپ کیلئے وینیوز کا انتخاب وسیع جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔ امریکا اور ویسٹ انڈیز مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ نیویارک شہر سے 30 میل دور 930 ایکڑ پر پھیلے ہوئے آئزن ہاور پارک میں 34 ہزار نشستوں والا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا جس کیلئے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ اسٹیڈیم نیویارک اور نیو جرسی سمیت دیگر امریکی ریاستوں میں بسنے والے لاکھوں بھارتی اور پاکستانی شائقین کیلئے کشش کا باعث بنے گا۔آئی سی سی کے مطابق ڈیلاس میں گرینڈ پریری اور فلوریڈا میں بروورڈ کاؤنٹی لاڈر ہل کے پاس پہلے سے ہی میچز کی میزبانی کے لیے بنیادی ڈھانچہ موجود ہے البتہ آئی سی سی ان دونوں مقامات پر اسٹیڈیم کی گنجائش میں اضافہ کیلئے اقدامات کرے گی۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 2024 ورلڈ کپ کا فارمیٹ گزشتہ دو ایڈیشنز سے مختلف ہوگا جس میں 20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کے لیے پانچ پانچ کے چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپر 8 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 8 ٹیموں کو چار چار کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ذرائع کے مطابق قوی امکان ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت نیویارک میں مدمقابل ہوں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog