چینی و فرا نسیسی صدور کے ما بین فلسطین -اسرائیل تنازع  پر تبادلہ خیال

Published on November 21, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 128)      No Comments

دو ریاستی حل فلسطین- اسرائیل تنازع کو حل کرنے کا بنیادی راستہ ہے، چین اور فرا نس کا اتفاق 
فرانسیسی کمپنیز کو چین میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں، چینی صدر 
بیجنگ (یو این پی)    چینی صدر شی جن پھنگ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔پیر کے روز چینی نشر یاتی ادارے کے مطا بق  شی جن پھنگ نے کہا کہ 2024 میں  دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔ چین، فرانس کے ساتھ اعلی سطحی تبادلوں کو برقرار رکھنے اور  چین-فرانس اعلی سطحی  عوامی تبادلوں کے میکانزم کا ایک نیا اجلاس منعقد کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک  کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور سائنسی تحقیقی تعاون میں نئی پیش رفت  اور دونوں عوام کے درمیان دوستانہ تبادلوں کو فروغ دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ   چین مزید فرانسیسی کمپنیز  کو چین میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہتا ہے  اور امید کرتا ہے کہ فرانس بھی چینی کمپنیز کو  اپنے یہاں سرمایہ کاری کرنے کے لیے منصفانہ اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔ اس سال چین -یورپی یونین جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 20 ویں سالگرہ ہے اور امید کی جاتی ہے کہ فرانس ،چین-یورپی یونین تعلقات کی مثبت ترقی کو فروغ دینے میں تعمیری کردار ادا کرے گا. انہوں نے کہا کہ چین دبئی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے فرانس کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔ایمانوئل میکرون نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں فرانس اور چین کے لیے اسٹریٹجک رابطے اور تعاون کو برقرار رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ فرانس اگلے سال فرانس اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ  سے استفادہ کرتے ہوئے  چین کے ساتھ اعلی سطحی  تبادلوں کو مضبوط بنانے اور معیشت ، تجارت ، ہوا بازی نیز عوامی تعلقات کے شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو  مضبوط  کرنے کا خواہش مند  ہے۔ دونوں سربراہان مملکت نے فلسطین -اسرائیل تنازع  پربھی  تبادلہ خیال کیا۔ دونوں سربراہان کا ماننا ہے کہ اس وقت اولین ترجیح فلسطین- اسرائیل صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنا اور خاص طور پر ایک سنگین انسانی بحران کو ابھرنے سے روکنا ہے ۔ “دو ریاستی حل” فلسطین- اسرائیل تنازع کے چکر کو حل کرنے کا بنیادی راستہ ہے۔ فریقین نے مشترکہ تشویش کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر رابطے جاری رکھنے  پر بھی اتفاق کیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题