مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو کرسمس کی دلی مبارکباد ہو، ملکی ترقی و استحکام کےلئے ان کے مثالی تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام

اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس کے پر مسرت موقع پرپاکستان اور دنیا بھر میں اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کی طرف سے ملک کی ترقی اور استحکام خاص طور پر تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور قوم کی تعمیر کے شعبوں میں کئے گئے مثالی تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،حکومت پاکستان تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔پی ایم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق کرسمس 2024ء کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر میں پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ نے ہمدردی، مہربانی، رحم اور حکمت جیسی پائیدار اقدار کی تبلیغ کی، لوگوں کی نیک زندگی کی جانب رہنمائی کی اور انہیں رب العزت کی قربت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے مسیحی بہنوں اور بھائیوں کی طرف سے ملک کی ترقی اور استحکام خاص طور پر تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور قوم کی تعمیر کے شعبوں میں کئے گئے مثالی تعاون کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حکومت پاکستان تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، ہم اس بات کو یقینی بناتے رہیں گے کہ تمام مذاہب کے لوگ آزادانہ طور پر اپنے عقائد پر عمل کر سکیں اور پاکستانی قوم کی اجتماعی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر میری دعا ہے کہ یہ کرسمس ہر گھر میں خوشیاں اور برکتیں لائے اور آنے والا سال ہمارے پیارے ملک اور اس کے لوگوں کے لیے امید، امن اور کامیابیوں سے بھرا ہو، کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔

Readers Comments (0)




تلاش کریں
تازہ ترین خبریں