پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ایئر لائن بنانے کیلئے ہرممکنہ تعاون کریں گے،وزیراعظم

Published on June 29, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 471)      No Comments

111
پی آئی اے مسافروں کو بہترین خدمات کی فراہمی پر توجہ مرکوزرکھیں، خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستان قومی ایئر لائن پر سفر کریں ۔ وزیراعظم محمدنوازشریف کی پی آئی اے کے بیڑے میں 10 سال بعد نئے شامل ہونے والے ہوائی جہاز اے320 کے دورے کے موقع پر گفتگو
ایئرلائن میں نئے 14 جہازوں کو شامل کئے جانے کا عمل جاری ہے ، ایک ہوائی جہاز مل گیا ہے جبکہ بقیہ دو جولائی اور ستمبر میں پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہوں گے۔وزیراعظم کو بریفنگ
اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم محمدنوازشریف نے پی آئی اے کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ایئر لائن بنانے کیلئے وہ ہرممکنہ تعاون کریں گے، پی آئی اے مسافروں کو بہترین خدمات کی فراہمی پر توجہ مرکوزرکھیں۔انہوں نے یہ بات اتوار کو 10 سال بعد پی آئی اے کے بیڑے میں نئے شامل ہونے والے ہوائی جہاز اے320 کے دورے کے موقع پر کہی ۔ اس موقع پر شہری ہوابازی کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی مشیر شجاعت عظیم، ایم ڈی پی آئی اے محمد جنید یونس اور ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن پی آئی اے ڈاکٹر قاسم حیات بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے دورہ کے موقع پر وزیراعظم کو شجاعت عظیم نے بریفنگ میں بتایا کہ ایئرلائن میں نئے 14 جہازوں کو شامل کئے جانے کا عمل جاری ہے، ان 14 جہازوں میں نیرو باڈی، وائیڈ باڈی، ٹربو پراپ ایئر کرافٹ شامل ہوں گے۔ وزیراعظم کو بتایا کہ گیا کہ پی آئی اے نے تین اے 320 ہوائی جہاز لینے کا آرڈر جی ای سی اے ایس کو دے دیا ہے۔ جن میں سے ایک ہوائی جہاز مل گیا ہے جبکہ بقیہ دو جولائی اور ستمبر میں پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ہوں گے۔اے 320 ہوائی جہاز میں مسافروں کی گنجائش 180 ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستان قومی ایئر لائن پر سفر کریں اور مسافروں کی پہلی ترجیح پی آئی اے ہونی چاہئے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر مسافروں کو بہترین خدمات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے پی آئی اے کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ایئر لائن بنانے کیلئے وہ ہرممکنہ تعاون کریں گے۔ جہاز کے دورہ کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ پی آئی اے کے بیڑے میں نئے جہاز کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ پی آئی اے بہتری کیلئے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات سے ادارہ جلد ماضی کی طرح مسافروں کیلئے بہتر خدمات فراہم کرنے اورادارہ اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کے قابل ہوسکے ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题