اسلام آباد (یواین پی )چینی میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان نے ایک اور بھارتی طیارہ مار گراکر پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا تاہم پاکستان کی جانب سے تاحال طیارہ گرانے اور بھارتی پائلٹ کی گرفتاری سے متعلق کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آ سکی ہے۔چینی خبر رساں ادارے سی جی ٹی این نے پاکستانی ملٹری ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ بھارت کا ایک اور طیارہ آج جوابی کارروائی کے دوران تباہ کر دیا گیا جبکہ پاکستانی حدود میں سے پائلٹ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے تاہم اس کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی ہے جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کی ایمرجنسی میٹنگ بھی طلب کر لی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے رات کی تاریکی میں حملہ کرنے والے ازلی دشمن کو دن کے اجالے میں زوردار جواب دے دیا۔ اور بھارت کے خلاف ’’ آپریشن بنیان مرصوص ‘‘ کا آغاز کیا ہے جس کا نام سورۃ الصف کی آیت نمبر 4 سے لیا گیا ہے اور اس کا مطلب ’’ آہنی دیوار‘‘ ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی کہ پاکستان نے نماز فجر کے وقت بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا اور ’ فتح ‘ میزائل داغے ہیں اور اس وقت بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ وہ تمام بیسز جن سے بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے اور آپریشن میں بھارت کی پٹھان کوٹ میں ائیرفیلڈ اور اودھم پور ائیربیس کو تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان نے بیاس کے علاقے میں براہموس میزائل کا ڈپو بھی تباہ کردیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ادھم پور ائیربیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر ’کے جی ٹاپ ‘ اور سپلائی ڈپو اڑی کو تباہ کر دیا گیا ہے۔