کاروباری برادری اقتصادی بحالی اورملک کی معاشی ترقی میں میں اپنا اہم کردار ادا کریں، ممنون حسین

Published on July 8, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 250)      No Comments

PAKISTAN-POLITICS-ELECTION-PRESIDENT
موجودہ حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کی وجہ سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا،
کاروباری برادری اقتصادی نمو اور استحکام کے لئے حکومت کو اپنے خیالات اور تجاویز سے آگاہ کرے
صدر مملکت ممنون حسین کی سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے ملک کی معاشی ترقی میں کاروباری برادری اور نجی شعبہ کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آگے بڑھتے ہوئے ملک کی جاری اقتصادی بحالی میں اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ ملک کی حقیقی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے، کاروباری طبقہ مختلف شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے پیش کردہ مراعاتی پیکیج اور مختلف تجارتی رعائتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے یہ بات سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے منگل کویہاں ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے اختیار کردہ پالیسیوں اور اقدامات کی بدولت مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے اور مختلف شعبوں بالخصوص بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کے میدان میں سرمایہ کاری کے لئے معاہدے کئے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے شدت پسندی اور امن و امان کی صورتحال سمیت کئی داخلی اور بیرونی چیلنجوں کے باوجود سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمایاں کردار کو سراہا۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ اپنی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وہ کاروباری برادری کو درپیش مختلف مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ملک میں اقتصادی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے زیادہ مربوط کوششیں جاری رکھے گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تدارکی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں جیسا کہ اقتصادی اشاریئے مثبت ہیں اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ صدر نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کی گرانقدر تجاویز اور سفارشات کو پذیرائی بخشتی ہے۔ کاروباری برادری آگے بڑھتے ہوئے اقتصادی نمو اور استحکام کے لئے حکومت کو اپنے خیالات اور تجاویز سے آگاہ کرے۔ ملاقات کے دوران وفد کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف مسائل اور امور کا حوالہ دیتے ہوئے صدر نے ملک میں تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کی کوششوں میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اپنی ہر ممکنہ حمایت اور معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ وفد نے ملاقات پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قومی معیشت کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog