حکومت نے نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے،صدر مملکت ممنون حسین

Published on July 10, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 270)      No Comments

08اسلام آباد (یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کے عوام کی شکایات کے ازالہ اور ان کا احساس محرومی دور کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت الحاج شاہ جی گل آفریدی کر رہے تھے۔ وفد کے دیگر ارکان میں ڈاکٹر غازی گلاب جمال، بلال الرحمان، ناصر خان، محمد جمال الدین، غالب خان اور قیصر جمال بھی شامل تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت قبائلی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے قبائلی علاقوں کو ملک کے دوسرے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کی ضرورت پر زور دیا اور ملک میں امن و استحکام کے لئے شمالی وزیرستان کے عوام کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے لئے جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نقل مکانی کرنے والے افراد کے کیمپوں میں مقیم ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال کے خصوصی حوالے سے فاٹا کی مجموعی صورتحال، نقل مکانی کرنے والے افراد کے حالات اور ارکان پارلیمنٹ کے حلقوں کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فاٹا کی سیکورٹی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ملک میں آمن اور سلامتی کے قیام کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے لئے مسلح افواج کے جوانوں کی بھرپور حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے صدر مملکت کو فاٹا کی سیکورٹی صورتحال اور نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے ساتھ ساتھ اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی امور کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے فاٹا کی ترقی میں گہری دلچسپی کے اظہار پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy