ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 13 کروڑ 92 لاکھ تک پہنچ گئی

Published on July 13, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 685)      No Comments

777
اسلام آباد (یو این پی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں مئی 2014ء کے خاتمہ تک موبائل فون صارفین کی تعداد 13 کروڑ 92 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جو مجموعی ملکی آبادی کے 76.2 فیصد کے مساوی ہے۔ مئی 2014ء کے دوران ملک میں موبائل فون کی سروسز فراہم کرنے والی پانچوں کمپنیوں نے 15 لاکھ نئے کنکشنز فروخت کئے۔ ژونگ اور ٹیلی نار پاکستان لمیٹڈ ایک مرتبہ پھر سب سے زیادہ نئے کنکشن فروخت کرنے والی کمپنیاں رہی ہیں جبکہ مئی کے دوران وارد ٹیلی کام کا کاروبار بھی انتہائی اچھا رہا اور دو سال کے طویل وقفہ کے بعد وارد کے صارفین کی تعداد 13 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2011-12ء میں وارد کے صارفین کی تعداد تیرہ لاکھ سے زائد تھی۔ پی ٹی اے کے اعدادوشمار کے مطابق مئی 2014ء کے دوران ژونگ نے 7 لاکھ 54 ہزار 368 نئے کنکشن فروخت کئے ہیں جو کسی بھی دوسری کمپنی کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہیں اس طرح ژونگ کے صارفین کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 67 لاکھ تک پہنچ گئی ہے اور ژونگ صارفین کے حوالے سے ملک کی تیسری بڑی کمپنی ہے۔ مئی 2014ء کے اختتام پر ژونگ کا شیئر 19 فیصد تک بڑھ گیا ہے جبکہ یو فون مجموعی صارفین کے 18 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ صارف موبی لنک کے ہیں جن کی شرح 38.4 فیصد جبکہ ٹیلی نار دوسری بڑی کمپنی ہے جس کے صارفین کی شرح 36.3 فیصد اور وارد کے صارفین کی شرح 9 فیصد ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme