پی ٹی آئی کا دھاندلی کا دعویٰ بے بنیاد ہے، خواجہ محمد آصف

Published on August 7, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 233)      No Comments

1
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا دھاندلی کا دعویٰ بے بنیاد ہے، عمران خان کی زندگی دعوؤں پر محیط ہے جس طرح 11 مئی کو انتخابات میں انہیں شکست ہوئی اسی طرح 14 اگست کو بھی انہیں ناکامی ہوگی، عمران خان وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے تھے، اگر ان کا خواب پورا ہو جاتا تو سب ٹھیک تھا، اب جب ایسا نہیں ہوا تو دھاندلی ہو گئی ہے۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کفیلوں نے جب ان کا ساتھ چھوڑ دیا تو وہ سیاسی یتیم ہو گئے، عمران خان نے تو الیکشن سے پہلے ہی بچوں سے کہہ دیا تھا کہ وہ انتخابات کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں رہیں گے لیکن جب انہیں انتخابات میں شکست ہوئی تو دھاندلی کا شور کرنے لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات مسلم لیگ (ن) نے نہیں کرائے تھے ۔ ہم بھی پی ٹی آئی کی طرح انتخابات کے میدان میں اترے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری بیرونی ایجنڈے پر چل رہے ہیں اور بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ کسی بھی اسلامی ملک میں جمہوریت پروان چڑھے، مغربی طاقتیں اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو ختم کرنا چاہتی ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، حکومت کے ایک سالہ دور میں معیشت 4 قدم آگے ہی بڑھی ہے اور ملک معاشی اور جمہوری طور پر مستحکم ہو رہا ہے، پاکستان میں معیشت جتنی مضبوط ہوگی جمہوریت بھی اتنی ہی مضبوط ہوگی جس کیلئے وزیراعظم اور انکی ٹیم کوشاں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اس سے اتفاق نہیں کرتا کہ موجودہ حکومتی مسائل کی وجہ پرویز مشرف کا ٹرائل ہے، پرویز مشرف اس ملک کے آئین و قانون کے مجرم ہیں اور اگر انہیں سپیشل ٹریٹمنٹ دیں تو پھر جیلوں میں موجود لاکھوں لوگوں کا کیا قصور ہے، وہ بھی تو پاکستانی شہری ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آرٹیکل 245 کا لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں، یہ صرف آپریشن ضرب عضب سے منسلک ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes