یار پاکستان کا سناؤ

Published on October 3, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 443)      No Comments

hbm monogram
ہیلو ! السلام علیکم۔۔۔ کیا حال ہے بھائی؟؟ ۔۔۔ خیریت ہے آپ سنائیں۔۔۔۔کیا ہو رہا ہے بھائی آج کل؟؟؟۔۔۔ بس کچھ نہیں خاص۔۔۔۔ یار سنا ؤپاکستان کیسا ہے آج کل؟؟؟۔۔۔۔۔ کیا کہوں بھائی بس انقلاب کا نشہ ہر طرف چھایا ہوا ہے، محلے کے ہر بچے سے لیکر بوڑھے تک انقلابی بن چکے ہیں۔۔۔۔ یار یہ سنا کہ پچھلی عید کو کراچی کی ساحل پر 60کے قریب لوگ سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے تو اس عید کو حکومت نے کیا حفاظتی انتظامات کئے ہیں تاکہ اس عید پرکوئی قیمتی جان ضائع نہ ہو؟؟؟؟۔۔۔۔ او بھائی وہ تو بالکل میرے ذہن سے نکل گیا تھا پتا نہیں یار حکومت نے کیا کیا اس مسئلے کا کیونکہ میں نے ٹی و ی اور اخبارات میں اس متعلق کچھ نہیں دیکھا یہاں تو انقلاب کی دھن پر ہر کوئی رقصاں ہے۔۔۔۔۔چل یار اس کو چھوڑ یہ سنا کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے جو سات لاکھ لوگ بے گھر ہوئے تھے ان کا کیا ہوا کیا ان کو زندگی کی تمام سہولیات دستیاب ہیں، کیا ان کیلئے حکومت نے طبعی سہولیات کا بندوبست کیا ہے، کیا ان کے بچوں کیلئے تعلیم کا کوئی بندوبست کیا گیا ہے تاکہ ان کا مستقبل برباد نہ ہو، کیا اس عید کی خوشی میں وہ بھی شریک ہوسکیں گے؟؟؟ ۔۔۔۔۔ کیا کہوں بھائی ان کو بھی میں بھول گیا تھا ویسے سنا ہے کہ انقلاب کے بعد سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا اور ہاں پرویز خٹک صاحب تو کنٹینر پر مسکرا رہا تھا شاید ان کامسئلہ حل کرکے آیا ہو ۔میڈیا نے بھی ان کا ذکر نہیں کیا ہے کبھی۔۔۔۔چل یار تو پاکستان میں ہے مگر تجھے کچھ معلوم نہیں ہے یہ تو بتاکہ ایک سال پہلے کراچی میں ایک آپریشن شروع کیا گیا تھا اس کا کیا نتیجہ نکلا اب تو وہاں لوگ سونے کی تھیلی ہاتھ میں لیکر آدھی رات کو بے خوف گھوم رہے ہونگے وہاں تو جرائم کا نام نشان ختم ہوچکا ہوگا، نوگوایریاز کا کوئی وجود نہیں ہوگا ، اس عید پر قربانی کی کھالیں اس چھوٹے سے سوسائٹی ویلفیئر آرگنائزیشن کو بھی مل سکیں گے جس کے پاس اسلحہ نہیں ہے؟؟؟۔۔۔۔۔ یار کراچی کا بس اتنا سنا ہے کہ کچھ دن پہلے ایک انقلابی جلسہ ہوا تھا کراچی میں اور اتنا جانتا ہوں کہ وہ جلسہ تاریخی تھا اور انقلاب میں اس جلسے کا کردار بھی تاریخی ہوگااور ہاں ایک اور بات بھی کہ کراچی میں سنا ہے کہ ابھی بھی دن میں آٹھ دس لوگ قتل ہوجاتے ہیں اور یار کھالوں کا تو عید پر ہی پتہ چل جائے گا۔۔۔۔۔۔۔ اچھا بھائی یہ تو سنا کہ پنجاب میں ایک سیلاب آیا تھا جس سے سینکڑوں لوگ جان بحق اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے تھے تو ان سیلاب متاثرین کا عید کیسے گذرے گاان کیلئے حکومت نے کیا کیا ہے؟؟؟۔۔۔۔۔ یار ہاں وہ سیلاب کیا آیا تھا کہ شہباز شریف نے اسے موقع غنیمت سمجھا اورسیلاب کے بعد لوگوں کی جھوٹی مدد کرکے لوگوں کو خریدنے کی بھر پور کوشش کی تاکہ انقلاب کو ناکام بنایا جاسکے مگر لوگ اب جاگ چکے ہیں اب یہاں لوگوں کو پتہ چل چکا ہے کہ انقلاب آنے والا ہے یہی وجہ ہے کہ شہباز شریف کے دکھاوے کے باوجود لوگوں نے اس پر بھروسہ نہیں کیا ہے اور اب بھی عمران خان کے دس لاکھ کے انقلابی دھرنے اور قادری صاحب کے ایک کروڑ کی جماعت میں کچھ ہزار لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔۔۔۔۔۔ چل سیلاب والوں کی اللہ مدد کرے گا ہماری دعا ہے کہ وہ بھی عید ی خوشیوں میں شریک ہو سکیں تو یہ تو بتا کہ بلوچستان، اندرون سندھ، اور گلگت بلتستان میں کیا ہو رہا ہے، وہاں کچھ نئی تازی؟؟؟؟۔۔۔۔۔۔ یار بلوچستان اور گلگت بلتستان کا تو مجھے کچھ معلوم نہیں مگر سندھ کی ایک خبر ہیکہ ممتاز بھٹو مسلم لیگ نواز سے نکل کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والا ہے جس سے انقلاب اور مضبوط ہوگا اس طرح سندھ بھی انقلاب کا حصہ بن جائے گا۔۔۔۔۔۔۔ یار یہ تو بتا کہ ملک کی معیشت کیسی جارہی ہے ، کچھ بہتری یا کچھ کمزوری؟؟؟؟۔۔۔۔۔ بھائی آج کل انقلاب کا دور ہے معیشت کا تو بالکل پتا نہیں ہے ہاں کہا جارہاہے کہ انقلاب کے بعد اس میں بہت بہتری آجائے گی۔۔۔۔۔۔۔۔ یار ایک بات تو بتا کہ تو انقلاب سے بہت متاثر لگ رہا ہے کہیں تو انقلابی تو نہیں بن گیا ہے؟؟؟۔۔۔۔۔ نہیں یار میں انقلابی نہیں ہوں بس کیا کریں بھائی ہمارا کام تو سننا ہوتا ہے میڈیا ہمیں جو سناتا ہے ہم وہی سنتے ہیں اور یہی سمجھتے ہیں کہ سب کچھ اسی طرح ہورہا ہے جس طرح میڈیا بتا رہا ہے اور بھائی آج کل میڈیا کی باتیں سن کر تو یوں لگتا ہے کہ انقلاب کے سوا ملک میں کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔۔۔۔۔۔بس یار ہم آپ کی میڈیا کیلئے تو صرف دعا کرسکتے ہیں کہ اللہ انہیں سچ بولنے ،لوگوں کو حقیقی تصویر دکھانے ، عوام کی حقیقی رہنمائی کرنے اور عوام کے حقیقی مسائل کو اجاگر کرنے کی توفیق عطا فرمائیں، ٓمین۔۔۔۔۔۔۔۔۔آمین۔۔۔۔ بس بھائی سب کو میرا سلام کرنا ۔۔۔۔۔ انشااللہ۔۔۔۔۔۔۔ یہ سب باتیں افضل میاں اور امریکہ میں مقیم اس کے دیرینہ دوست سرور میاں کے درمیان ہورہی تھیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آج کل ہماری قوم کی حالت کچھ ایسی ہوگئی ہے کہ اٹھتے، بیٹھتے ، جاگتے، سوتے ان کیلئے انقلاب کے سوا کچھ ہے ہی نہیں بس ہر آدمی کو انقلاب ہرمسئلے کی جڑ نظر آتی ہے یا پھر ہر مسئلے کا حل۔ مگر کیا کریں کیونکہ قوم کی رہنمائی تو میڈیا کرتی ہے اب میڈیا جس طرح رہنمائی کرے گی قوم کی سوچ کا زاویہ بھی وہی ہوگا نا؟؟؟؟؟؟۔۔۔۔۔ بس میڈیا کے اس منفی کردارکی نشاندہی اس فرضی مکالمے کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔۔۔۔۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题