تخریبی سیاست سے عوام کی لاتعلقی سے مفاد پرست عناصر کی سیاست دفن ہو گئی ہے،شہباز شریف

Published on October 16, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 542)      No Comments
11
لاہور(یو این پی)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنے دم توڑ گئے ہیں۔ تخریبی سیاست سے عوام کی لاتعلقی سے مفاد پرست عناصر کی سیاست دفن ہو گئی ہے۔ دھرنے دینے والوں نے اپنی منفی سرگرمیوں سے ملک میں توانائی کے بحران کے حل اور بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔ ملک کی ترقی میں رخنہ ڈالا جس پر 18 کروڑ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اورجنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم سے بات چیت کے دوران کہی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی بھی مخالفت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے عوامی خوشحالی اور ملکی استحکام وترقی کے قومی ایجنڈے پرزور و شورسے عمل پیرا ہے اور کوئی سازش پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت کو عوامی خدمت کے مشن سے دور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے حکومت امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے منصوبوں میں مصروف عمل ہے ۔ افواج پاکستان ملک کی بقاء کیلئے امن کے دشمنوں سے برسرپیکار ہیں اور انشاء اللہ ان کی کاوشوں اور قربانیوں سے وطن عزیز امن کا گہوارہ بنے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہاکہ عوام کی زندگی میں خوشحالی لانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes