اسلام آباد۔۔۔ سردی میں اضافہ کے ساتھ ہی جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں ہیٹرز اور گیرز کی فروخت میں اضافہ ہو گیا تاہم خریدار گیس کی بجائے بجلی اور سولرز سے چلنے والی اشیاء کو ترجیح دے رہے ہیں، جناح سپر کے ایک دکاندار نے بتایا کہ رواں سیزن میں خریداروں کی توجہ کا مرکز زیادہ تر سولر گیزر اور الیکٹرک ہیٹرز اور گیزر ہیں جس کی بڑی وجہ ملک میں گیس کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سولر گیزر جو کہ قیمت میں کچھ مہنگا ضرور ہے تاہم اس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ آبپارہ مارکیٹ میں الیکٹرانک کا سامان بیچنے والے محمد ارشد نے بتایا ہے کہ گیس ہیٹرز کی مانگ میں کمی ہوئی ہے تاہم اس کے مقابلہ میں الیکٹرک ہیٹر اور گیزر کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ سولر سسٹم سے چلنے والے ہیٹر اور گیزر نے بھی اپنی جگہ بنا لی ہے اور اکثریت اب اپنے گھروں میں گیس سے چلنے والے گیزر کی جگہ الیکٹرک گیزر اور سولر گیزر کی تنصیب کرا رہے ہیں جبکہ واٹر ہینگ سسٹم کی مانگ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے خریداری کے لئے آئے ہوئے ایک خریدار اسلم بٹ نے بتایا کہ وہ سولر گیزر خریدنے کے لئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتیں زیادہ ہیں لیکن سردی سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ الیکٹرک گیزر قیمت میں قدرے کم ہیں تاہم بجلی کی قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث ہمارے لئے ممکن نہیں۔