تربیلا پن بجلی کا چوتھا توسیعی منصوبہ بروقت مکمل کیا جائے : چیئرمین واپڈا

Published on January 13, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 487)      No Comments

123اسلام آباد(یو این پی) چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے ہدایت کی ہے کہ 1410 میگاواٹ صلاحیت کے زیر تعمیر تربیلا پن بجلی کے چوتھے توسیعی منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل یقینی بنائی جائے۔انہوں نے تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دورے کے دوران کہا کہ ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ اپنی تکمیل پر نہ صرف بجلی کی قلت دور کرنے میں مدد دے گا بلکہ اس کے ذریعے قومی نظام میں کم لاگت پن بجلی کے اضافے سے بجلی کے نرخوں میں کمی آئے گی اور صارفین کو ریلیف ملےگا۔چیئرمین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کو تیز کیا جائے تاہم اس دوران تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ جنرل منیجر تربیلا ڈیم ، پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ ، مشاورتی اور تعمیراتی کمپنی کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دورے کے دوران چیئرمین نے تربیلا ڈیم کی ٹنل3 اور 4 پر ان ٹیک ورکس اور تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے پاور ہاﺅس کی سائیٹ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر جنرل منیجر تربیلا ڈیم اور کنسلٹنٹ نے چیئرمین واپڈا کو تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے پر مجموعی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پراجیکٹ کی تکمیل 2016 ءمیں متوقع ہے۔ عالمی بینک منصوبے کی تعمیر کیلئے 840 ملین ڈالر فراہم کر رہا ہے۔چیئرمین کو بتایا گیا کہ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے تحت ٹنل نمبر 4 پر 1410 میگاواٹ کے تین یونٹوں کی تنصیب سے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3 ہزار 4 سو 78 میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 8 سو 88 میگاواٹ ہوجائے گی۔ تربیلا پن بجلی کے چوتھے توسیعی منصوبہ قومی نظام کو سالانہ تقریباً 3 ارب 80 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا اور اس سے ہرسال تقریباً 30 ارب روپے کے فوائد حاصل ہوںگے۔ یہ منصوبہ صرف 3 سال کی قلیل مدت میں اپنی تعمیر پر آنے والی لاگت پوری کر دے گا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme