ریاست سیاسی نقاب اوڑھے متحدہ قومی موومنٹ جیسے عفریت سے نجات کی راہ نکالے، عمران خان

Published on February 10, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 278)      No Comments

02
اسلام آباد (یو این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ کی جانب سے تحریک انصاف سے وابستہ خواتین کے بارے میں نازیبا خیالات کی شدید مذمت کی ہے اور سیاسی جماعتوں کے مسلح ونگز کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ہی کارکنان کو قتل کرنااور پھر سیاسی فوائد سمیٹنے کی غرض سے ان کے جنازوں میں متحدہ کے قائدین کا شرکت کرنا متحدہ قومی موومنٹ کا شیوہ بن چکا ہے۔ الطاف حسین اور اس کی جماعت نے کراچی جیسے شہر میں دہشت اور بربریت کو فروغ بخشا ہے اور سرمایہ کاروں کیلئے جہنم زار میں تبدیل کیا ہے، وقت آن پہنچا ہے کہ ریاست سیاسی نقاب اوڑھے متحدہ قومی موومنٹ جیسے عفریت سے نجات کی راہ نکالے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کراچی سے وابستہ سرمایہ کاروں کا دبئی جیسے شہر کی جائیداد میں ایک قابل قدر حصہ ہے تاہم یہ تمام لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری سے خوفزدہ ہیں کیونکہ اس شہر میں متحدہ قومی موومنٹ جیسی سفاک تنظیم نے پاکستان کے تجارتی مرکز کا امن بربادکر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن پرمشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ قوم کے سامنے موجود ہے جس میں صراحت کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے 20کروڑ کی رقم بطور بھتہ نہ ملنے پر اڑھائی سو سے زائد غریب محنت کشوں کو زندہ جلائے جانے جیسے وحشیانہ اقدام سے متعلق حقائق مرتب کئے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں امن کی بحالی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کی سرکوبی اور سیاسی جماعتوں کے مسلح بازوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
برطانوی حکومت کو الطاف حسین کے خلاف خط تحریر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف اس جماعت کے ساتھ کسی پروگرام میں احتجاجاً شریک نہیں ہوگی۔ اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے کراچی میں الطاف حسین کی جانب سے اشتعال انگیز خطاب کے بعد زہرہ شاہد کے قتل کا بھی تذکرہ کیا اور زور دے کر کہا کہ پاکستان کو متحدہ قومی موومنٹ جیسی فاشسٹ جماعت کے چنگل سے آزاد کرنے کا وقت آن پہنچا ہے وزیراعظم نواز شریف سے دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم سیروسیاحت ترک کریں اور قوم کو دہشت گردی ، بھتہ خوری سے بچانے کی تدبیر کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں فوجی عدالتیں قائم کی جا چکی ہیں چنانچہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کل جماعتی کانفرنسوں کے انعقاد کی بجائے عملی اقدامات پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے زور دے کرکہا کہ سیاسی جماعتوں کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی بیخ کنی تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے سربراہ نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے مقدمہ کی کارروائی بھی فوجی عدالت میں چلانی کی ضرورت پر زور دیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes