جمہوریت میں بات چیت سے ہی مسائل حل ہوتے ہیں، شاہ محمودقریشی

Published on March 21, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 304)      No Comments

03
اسلام آباد ۔۔۔پاکستان مسلم لیگ(ن)اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام اوراختیارات پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اس بات کا اعلان جمعہ کو یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان طویل بات چیت کے بعد جوڈیشل کمیشن کے قیام اور اس کے اختیارات کے حوالے سے اتفاق رائے طے پاگیا ہے اور اس سلسلے میں جرگے نے اہم کردار ادا کیا ہے جس میں رحمٰن ملک،سراج الحق،میر حاصل برنجو اور دیگر ممبران کی بھر پور کوششوں کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ گفتگو ہوئی اور حکومت نے معاملہ سلجھانے کی پوری کوشش کی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے بھی کافی لچک دکھائی گئی ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس سلسلے میں فریقین نے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد مستقبل میں انتخابات کے عمل کو شفاف بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں بات چیت کے ذریعے ہی مسائل حل ہوتے ہیں۔ماضی میں انتخابات پر اعتراض ہوتے رہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ ایسا نظام مرتب کیا جائے جس کا سب احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسودے کی کاپی دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی دیدی جائے گی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے کمیٹی کام کررہی ہے ،پاکستان کو مختلف مسائل کا سامنا ہے حکومت کی کوشش ہے کہ تمام مسائل کوبات چیت اور افہام وتفہیم کے ذریعے حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جن تین نکات پر حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلاف تھا آج اس پر اتفاق ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد کسی بھی فریق کواس پر اعتراض نہیں ہوگا اوراس کو قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک ہفتے تک کمیشن تشکیل دیدیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان کو مضبوط بنانا ہے،سیاست میں کوئی بات بھی حرف آخر نہیں ہوتی ہم نے پاکستان کو سامنے رکھ کر چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے اور بین الاقوامی ادارے ہماری معیشت سے متعلق مثبت رائے رکھتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes