چیف آف آرمی سٹاف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 18ویں کور کمانڈرز کانفرنس

Published on April 11, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 546)      No Comments
03
راولپنڈی (یو این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے مسلح افواج کے کمانڈروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اور دیگر حکومتی اداروں کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے مقصد کے حصول کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ جمعہ کو جی ایچ کیو میں 18ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن اور ضرب عضب کے حالیہ اہداف پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کی بہتری اور اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے اثرات کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ معاشرے سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں جن میں قومی ایکشن پلان کو اس کی روح کے مطابق ازسرنو منظم کیا جائے تاکہ اس کے مؤثر نتائج نکل سکیں۔ چیف آف آرمی سٹاف نے فاٹا سے عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والوں کی اپنے گھروں کو باعزت واپسی کے آغاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ضرب عضب سٹرٹیجی کی کامیابی کی دلیل ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ اطلاعات کی بنیاد پر چھپے ہوئے دہشت گردوں اور شہری مراکز سے ان کے معاونین کے خاتمہ کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ جنرل راحیل شریف نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت واپسی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کا مقصد فاٹا کے عوام کی خواہشات کے مطابق خوشحالی اور حالات معمول پر لانے کے ساتھ ساتھ استحکام یقینی بنانا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اس کے علاوہ ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یمن اور مشرق وسطیٰ کے تنازعہ کے حوالہ سے کانفرنس نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو اس سے خطہ کی سلامتی پر برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes