چیئرمین سینیٹ نے سیڈ ترمیم بل سمیت کئی بلز متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے

Published on April 16, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 335)      No Comments

04
اسلام آباد (یو این پی) چیئرمین سینیٹ نے سیڈ ترمیم بل 2015، لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسل (ترمیمی) بل 2015ء، کریڈٹ بیورو بل 2015ء اور اسلام آباد وفاقی دارالحکومت مقامی حکومت بل 2015ء متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے۔ چیئرمین نے وفاقی دارالحکومت مقامی حکومت بل 2015ء پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی کو ہدایت کی کہ چیئرمین کے انتخاب کے ایک ماہ کے اندر بل پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جائے۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ نے تحریک پیش کی کہ سیڈ ایکٹ 1976ء میں ترمیم کرنے کا بل (سیڈ ترمیم بل 2015) قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ بل مزید غور کے لئے کمیٹی کو بھجوا دیا جائے جس سے وفاقی وزیر نے اتفاق کیا جس کے بعد بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔ وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر پرویز رشید نے تحریک پیش کی کہ لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسل ایکٹ 1973ء میں مزید ترمیم کا بل لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسل (ترمیمی) بل 2015ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ سینیٹر سعید غنی نے اس بل کو بھی کمیٹی کو بھجوانے کی تجویز دی جس پر چیئرمین نے کہا کہ روایت کے مطابق اس بل کو کمیٹی کو بھجوا دیا جائے جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ چیئرمین کی خواہش کا احترام کرتے ہیں۔ چیئرمین نے یہ بل بھی کمیٹی کو بھجوا دیا۔ وزیر مملکت برائے تعلیم و داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے تحریک پیش کی کہ کریڈٹ بیورو کی تشکیل و کار منصبی کی فراہمی اس سے منسلکہ اور ضمنی معاملات کے لئے اہتمام کرنے کا بل کریڈٹ بیورو بل 2015ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ بل کمیٹی کو بھجوا دیا جائے۔ وفاقی وزیر نے تجویز سے اتفاق کیا جس پر یہ بل بھی متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے تحریک پیش کی کہ وفاقی دارالحکومت میں مقامی حکومت کے نظام کو مربوط اور تنظیم نو کرنے کا بل (اسلام آباد وفاقی دارالحکومت مقامی حکومت بل 2015) قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اگرچہ بل قومی اسمبلی سے ہو کر آیا ہے تاہم اس میں کئی خامیاں ہیں سب سے بڑی یہ کہ اس میں غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرانے کی بات کی گئی ہے۔ چیئرمین نے بل کمیٹی کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی وجہ سے اس پر نئے چیئرمین کے انتخاب کے ایک ماہ کے اندر کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹیاں اس سیشن کے دوران بن جائیں گی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy