وزیراعلیٰ پنجاب کا بغیر پروٹوکول سستے رمضان بازارکا اچانک دورہ

Published on June 20, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 410)      No Comments

2
لاہور (یواین پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے آج ٹاؤن شپ میں بغیر پروٹوکول سستے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ بغیر پیشگی اطلاع کے رمضان بازار پہنچے، ضلعی انتظامیہ ،مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران اورمیڈیا بھی وزیراعلیٰ کے دورے سے لاعلم رہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے رمضان بازار میں قیمتوں کا جائزہ لیا اور فرداً فرداًعوام سے براہ راست بات چیت کر کے اشیاء کی قیمتوں اورکوالٹی کے بارے دریافت کیا ۔وزیراعلیٰ رمضان بازار میں ہر سٹال پر گئے اوراشیائے ضروریہ ، پھلوں،سبزیوں کی قیمتوں اورکوالٹی کو چیک کیا اورفرداً فرداً خریداری کیلئے آئے افراد سے گفتگوکی ۔وزیراعلیٰ دورے کے دوران سستے رمضان بازار میں خریداری کیلئے آئے لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے اوروزیراعلیٰ کو دیکھ کر سینکڑوں افراد اکٹھے ہو گئے ۔ وزیراعلی نے لوگو ں سے مصافحہ کیا اور ان سے بات چیت کی ۔ عوام نے رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اچانک دوروں سے صورتحال سے متعلق بہتر آگاہی ہوتی ہے اورعوام کے حقیقی مسائل کی نشاندہی سامنے آتی ہے ،لہٰذامیں عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی کیلئے آئندہ بھی رمضان بازاروں کے اچانک دورے کرتا رہوں گا۔میرے اچانک دورہ کا مقصد رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لینا ہے اور رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔گراں فروشوں کو اس دنیا اور آخرت میں خسارہ اٹھانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ ،پھلوں اورسبزیوں کی مناسب داموں دستیابی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے جامع میکانزم وضع کیا گیا ہے اورحکومت رمضان المبارک کے دوران کسی کو بھی زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے کی اجاز ت نہیں دے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹاؤن شپ کے رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ، پھلوں اورسبزیوں کی کوالٹی بھی بہتر ہے اورقیمتیں بھی مناسب ہے اورلوگوں نے اس بازار میں کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔میں سمجھتا ہوں کہ عوام معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی حکومت کا فرض منصبی ہے جو بطریق احسن ادا کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ڈی سی او کو ہدایت کی کہ رمضان بازار میں سرکاری سٹالوں کے ساتھ نجی سٹالز پر بھی اشیاء کی سپلائی یقینی بنانا آپ کی ذمہ داری ہے اور میں اس ضمن میں کوئی عذر نہیں سنوں گا۔انہوں نے کہا کہ اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے انتظامیہ فعال کردارادا کرے۔کسی بھی چیز کی رسد میں کمی نہیں آنی چاہیے۔خریداری کیلئے آئے لوگوں نے بازار میں اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے کہا کہ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے آپ آتے رہیں ،جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آتا جاتا رہوں گا ۔لوگوں کی بڑی تعدادنے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو مناسب قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیااور وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اس بازار میں صفائی کے بھی اچھے انتظامات کیے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں زرعی فےئر پرائس شاپ کا دورہ کیا اور پھل اورسبزیوں کے معیار پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی فےئر پرائس شاپس کے ذریعے عوام کو سستے داموں پھل اورسبزیاں فراہم ہورہی ہیں اور اس کو مزید بہتر بنایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بازار میں نماز کی ادائیگی کیلئے کوئی مناسب انتظام کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں عوام کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ رمضان بازار میں مرغی کا گوشت 15روپے فی کلومارکیٹ سے سستا دستیاب ہے جبکہ آٹے اورچینی کے ساتھ پھل،سبزیاں ،دالیں بھی مارکیٹ کے مقابلے میں 5سے 10روپے کلو سستی دستیاب ہے جس پر وزیراعلیٰ نے اطمینان کا اظہار کیا اورکہا کہ عوام کوریلیف کی فراہمی اسی جذبے کے ساتھ پورا رمضان المبارک میں جاری رکھی جائے گی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog