کویت ،اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے زیر اہتمام استقبال رمضان تقریب

Published on June 24, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 612)      No Comments

istaqbaal i ramzan
کویت سٹی (عبدالشکورابی حسن )رمضان المبارک کی آمدسے قبل ہی اسلامی تنظیمیں رمضان المبارک کی اہمیت اور فضلیت کے بارے میں اجتماعات شروع کردیتی ہیں اور رحمتوں کی بہار کا موسم شروع ہونے والا ہے اپنے گناہوں سے توبہ کا بابرکت ماہ صیام آگیاہے اس ماہ صیام اللہ کی رحمتیں نازل ہورہی ہیں مغفرت اوراستغفار کرنے کا بہترین موقعہ ملنے والا ہے ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے وہ اس ماہ بہار سے استفادہ کرے اس سلسلے میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیراہتمام الروضہ میں ’’استقبالِ رمضان‘‘ کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ مقررین نے روزے کی اہمیت اور حصول تقویٰ کے بارے میں تفصیلاً اظہار خیال کیا۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد کویت میں مقیم معروف نعت خواں قمر نظامی نے رمضان المبارک کے بارے میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
پھر آگیا ہے لوگو رمضان کا مہینہ
کہتی ہے جس کو دنیا قرآن کا مہینہ
اب رات دن فرشتے اتریں گے آسماں سے
شیطانیت کے ٹیوے اٹھ جائیں گے جہاں سے
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے سابق صدر مولانا محمد کمال نے روزے کی اہمیت اور تقویٰ کے بارے میں تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ تقویٰ کیا ہے ؟ حصولِ تقویٰ کے ذرائع کون سے ہیں؟ توحید، رسالت اور یوم آخرت پر ایمان حصول تقویٰ کیلئے ضروری ہے۔ متقی، معاشرے کا فعال رکن ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ ایک مخفی عبادت ہے جس کا معاملہ اﷲ اور بندے کے درمیان ہوتا ہے۔ مولانا محمد کمال کے تفصیلی خطاب کے بعد مقابلہ مضمون نویسی میں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات دیئے گئے۔ پہلی پوزیشن فاروق احمد شاد، دوسری رحمت علی اور تیسری محمد اطہر مخدوم نے حاصل کی۔ حوصلہ افزائی کے انعامات ڈاکٹر سدرہ چوہدری، محمد سہیل انجم، محمد فیصل اور محمد تنویر فاضل کو دیئے گئے۔ نماز عشاء کے لئے وقفہ کر دیا گیا۔ نماز کے بعد پروگرام کا دوبارہ آغاز ہوا۔ جاوید احمد نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی فلاحی سرگرمیوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آفات کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن نے رفاعی کام انجام دیئے۔ جاپان حکومت نے الخدمت پر اعتماد کرتے ہوئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹ عطیہ کے طور پر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن واحد ادارہ ہے جس میں زیادہ تعداد رضاکاروں کی ہے۔ الخدمت کے زیراہتمام 340 اسکولز کام کر رہے ہیں جس میں اساتذہ کی تعداد 4500 ہے۔ 85 ہزار بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں 8000 یتیم بچے ہیں، فاؤنڈیشن کے پراجیکٹس میں لوگوں کو پاؤں پر کھڑا کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ آخر میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے جواں سال صدر حافظ حفیظ الرحمٰن کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے بڑے مؤثر انداز سے روزے کی اہمیت
بیان کی۔ انہوں نے کہاکہ رسول اکرمؐ ہر سال شعبان کے آخری روز روزے کی اہمیت اور رمضان کیسے گزاریں جیسے موضوعات پر تفصیلی خطبہ ارشاد فرماتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ ہمارے اندر قوت پیدا کرتا ہے۔ دنیا میں اجنبی کی طرح قیام کرو، کوئی نہیں جانتا کل کیا ہو گا۔ رسول اکرمؐ ارشاد کا فرمان ہے تم پر عظمت اور برکت والا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے۔ روزہ افطار کرانے والا قیامت کے دن حوضِ کوثر پر نبی کریمؐ سے ملاقات کرے گا۔ مولانا اطہر علی خان کی دعا کے ساتھ تقریب اختتام کو پہنچی۔ مہمانوں کی تواضع کے لئے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme