وزیر اعظم میاں نواز شریف عافیہ کی وطن واپسی کا وعدہ ایفا کریں۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

Published on July 18, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 425)      No Comments

3
کراچی (یواین پی)وزیر اعظم میاں نواز شریف عافیہ کی وطن واپسی کا وعدہ ایفا کریں۔ عافیہ کی پچیسویں عید بھی قید تنہائی میں گزر رہی ہے ۔گزشتہ ایک سال سے عافیہ سے فون پر بات بھی نہیں کروائی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار دماغی امراض کی ماہر عافیہ موومنٹ پاکستان کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ موومنٹ سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں کیا ۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے خود عافیہ کی والدہ اور بیٹی مریم سے وعدہ کیا تھا کہ عافیہ کو واپس لائیں گے لیکن عافیہ کی واپسی تو درکنار گزشتہ ایک سال سے عافیہ کی اُس کی بیمار والدہ اور معصوم بچوں سے بات بھی نہیں کروائی گئی۔ نہ جانے وزیر اعظم صاحب عافیہ کی فیملی سے کس بات کا بدلہ لے رہے ہیں ۔آخر کیا وجہ ہے کہ حکمرانوں کے قول و فعل میں تضاد ہوتا ہے۔ جب یہ اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو ان سے زیادہ ہمدرد و اور غمگسار کوئی نہیں ہوتا اور یہ جب اقتدار میں آجاتے ہیں تو رفتہ رفتہ ترجیحات تبدیل ہو جاتی ہے ۔قوم کی بیٹی کہنے والے کیا بیٹی فروشوں کی صف میں کھڑے ہو گئے ہیں؟۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان بلکہ دنیا کی تاریخ میں کسی مسلمان عورت کی رہائی کے لئے اتنی طویل اور طول و عرض میں پھیلی جدوجہد برپا نہیں ہوئی ۔ امریکہ، برطانیہ ،کینیڈا، ساؤتھ افریقہ، ترکی، سعودی عرب اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک میں عافیہ کی رہائی کیلئے عظیم عوامی جدوجہدجاری ہے اور تمام سیاسی جماعتوں اور ہر مکتبہ فکر نے عافیہ کی واپسی کا مطالبہ کیا لیکن نہ جانے کیوں گزشتہ اور موجودہ حکومت اس معاملے میں خاموشی اختیار کرلیتی ہے اگر وزیر اعظم صاحب عافیہ کو واپس نہیں لاسکتے تو قوم کو بتائیں کہ اصل رکاوٹ کہاں ہے کون سا طبقہ ہے جو عافیہ کی واپسی سے خوفزدہ ہے ۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی درخواست کی کہ وہ عافیہ کے معاملے میں انسانی ہمدردی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کرے ۔ قوم کے سامنے جنرل راحیل شریف ایک مسیحا کے طور پر نمودار ہوئے ہیں لہٰذا قوم اُن سے توقع کر رہی ہے کہ وہ عافیہ کی واپسی کے اتنے بڑے عوامی مطالبے کا احترام کرتے ہوئے عافیہ کی واپسی کے لئے ذاتی طور پر کوشش کریں گے ویسے بھی بیٹی کو رہائی دلاکر وہ محمد بن قاسم اور معتصم باللہ کی صف میں شامل ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہعافیہ کی فیملی تمام حضرات و خواتین کو آنے والی عید کی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ ہم ہر اُس فرد کے مشکور ہیں جس نے اذیت اور آزمائش کے وقت میں ہماری غمگساری کی اور دست تعاون دراز کیا ۔ ہم آپ کی ان تمام کاوشوں ، دعاؤں اور الفاظ کو سراہتے ہیں جن کی وجہ سے دکھ کے ان لمحات میں ہمیں سکون کی چند گھڑیاں نصیب ہوئیں ۔ہم اپنے رب پر بھروسہ رکھتے ہیں لہٰذا اس کی رحمت سے مایوس نہیں ہیں جس نے ہمیں آپ جیسے جرات مند افراد کا ساتھ نصیب کیا جو عافیہ اور عافیہ کی فیملی کے لئے مخلص ہیں ۔ آپ کے تمام خلوص اور محبت کے جواب میں ہمارے پاس دعاؤں سے بہتر کوئی بدلہ نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ اور آپ کے اہلخانہ پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور آپ کو آزاد فضاؤں میں خوش و خرم اور خوشگوار زندگی نصیب فرمائے ۔ آمین

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress主题