پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی، سید خورشید شاہ

Published on August 12, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 456)      No Comments

0007
اسلام آباد (یو این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے، اب بھی ہم ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔ وہ منگل کو مقامی ہوٹل میں اقلیتوں کے دن کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کے مساوات کے فلسفے کو فروغ دینا چاہئے، اقلیتوں کے ساتھ کوئی امتیاز نہ برتا جائے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں نے اپنی خواہشات کی تکمیل کیلئے مذہب کو یرغمال بنا لیا ہے، ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آئین میں ترامیم کی ہیں، پیپلز پارٹی نے 1973ء کے آئین میں اقلیتوں کو ووٹ کا حق دیا، ہم بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، اقلیتی برادری کے خدشات دور کرنے کیلئے قومی اسمبلی میں آواز اٹھاؤں گا۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور ہم ایک ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے، ہم نے اقلیتوں کیلئے سرکاری ملازمتوں کیلئے 5 فیصد کوٹہ مختص کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام مذاہب ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہیں، پوری قوم کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، عالمی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنا چاہئے اور پاکستان سے تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی سمیت ملک بھر میں جلد امن قائم ہوگا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر اشرفی، چیئرمین آل پاکستان مینارٹیز الائنس ڈاکٹر جیکب پال اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ مقررین نے سابق وفاقی وزیر آنجہانی شہباز بھٹی کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے دوران قومی نغمے بھی پیش کئے گئے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy