وزیراعلیٰ پنجاب کا عیدالاضحی کے موقع پر پیغام

Published on September 25, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 403)      No Comments

index
لاہور (یوا ین پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام اور قربانی ہے،عید الاضحی کا مذہبی تہوار حضرت ابراہیمؑ کی اس عظیم قربانی کی تقلید کے طو رپر منایا جاتا ہے جوانہوں نے اﷲ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے حصول کے لئے دی ،تاریخ عالم اس عظیم قربانی کی کوئی اور مثال پیش کرنے سے قاصر ہے، حضرت ابراہیمؑ کی عظیم قربانی انسانی تاریخ کے اس منفرد اور بے مثال واقعہ کی یادگارہے جس میں انہوں نے اﷲ کی اطاعت اور دین پر استقامت کے جذبے سے سرشارہو کر اپنے نوجوان بیٹے کے گلے پر چھری چلادی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عید الاضحی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن اپنی ذات کی نفی ، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دے کر ایثار ، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے اور یہی وقت کی اہم ترین ضرورت اور قربانی کا اصل مفہوم ہے ۔معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، مفلس اور محروم معیشت طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا فلسفہ ہے۔انہوں نے کہاکہ قربانی کا عمل صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہیں بلکہ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداواکرنا، مظلوموں کی مدد، خلق خدا کی بے لوث خدمت او رانہیں خوشی کے لمحات میں شریک کرنا ہی اصل قربانی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہی وہ حقیقی فلسفہ ہے جس کواپنا کر ہم دنیاو آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں عید کے موقع پر مسائل میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کو ہر گز نہیں بھولنا چاہیے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کر کے اپنا مذہبی او راخلاقی فریضہ اداکرنا چاہیئے۔وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام کے آخر میں کہاکہ ہمیں عیدالاضحی کے موقع پر پاکستان کی سلامتی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اﷲ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں مانگنی چاہئیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes