جمہوری روایات کا فروغ (ن) لیگ کی اولین ترجیح ہے:وزیراعظم نواز شریف

Published on November 8, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 312)      No Comments

indexاسلام آباد(یوا ین پی)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کے سپیکر کے عہدہ کے لیے (ن) لیگ کے امیدوار کے طور پر نامزد کر دیا جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جمہوری روایات برقرار رکھنے کے لیے ایاز صادق کا کردار قابل تحسین ہے، ایاز صادق مستقبل میں بھی پارلیمانی روایات کا تقدس برقرار رکھیں گے، جمہوری روایات کا فروغ (ن) لیگ کی اولین ترجیح ہے، ہفتہ کے روز رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جاتی عمرہ رائیونڈ میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے سردار ایاز صادق کو دوبارہ رکن قومی اسمبلی بننے پر مبارکباد دی اور انہیں باقاعدہ طور پر پارٹی کی جانب سے بطور سپیکر امیدوار نامزدگی کے حوالہ سے آگاہ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے سردار ایاز صادق کو اسلام آباد سے لاہور ملاقات کے لیے طلب کیا تھا۔سردار ایاز صادق نے بطور امیدوار سپیکرقومی اسمبلی نامزدگی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں سردار ایاز صادق بطور سپیکر اچھا کردار ادا کریں گے، ماضی میں ایاز صادق نے بطور سپیکر جو جمہوری روایات قائم کی ہیں وہ مستقبل میں بھی انہیں روایات کو برقرار رکھیں گے اور ملک میں پارلیمنٹ،نظام اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپیکر کے انتخاب کے حوالہ سے حمایت حاصل کرنے کے لیے دوسری جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹ حاصل ہو سکیں، واضح رہے کہ سردار ایاز صادق ٹربیونل کے فیصلہ کے بعد 11 اکتوبر کو لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ 122 سے تحریک انصاف کے عبد العلیم خان کو شکست دے کرچوتھی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ گزشتہ روز بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھایا ،یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کل(پیر) کے روز ہوگا جبکہ کاغذات نامزدگی آج (اتوار) دن 12 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کی طرف سے شفقت محمود اور فاٹا ارکان کی طرف سے ڈاکٹر غازی گلاب جمال سپیکر قومی اسمبلی کے عہدہ کے امیدوار ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes