وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کاکرسمس کے موقع پر پیغام

Published on December 25, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 407)      No Comments

03
لاہور( یوا ین پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کرسمس کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عیسی علیہ اسلام کی پیدائش کا دن مسیحی برداری کے ساتھ مسلمانوں کیلئے بھی مقدس اور قابل احترام ہے اور ملکرکرسمس کا تہوار منانے سے یگانگت ، محبت اور باہمی تعلقات کو فروغ ملتا ہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے قیام ، ترقی و خوشحالی اور تعمیر وطن میں مسیحی برادری کا کردار قابل ستائش ہے اورملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی خدمات ، وطن سے ان کی محبت اور وابستگی شک وشبہ سے بالا تر ہیں۔مسیحی برادری نے دکھی انسانیت کی خدمت اور علم کی شمع روشن کرنے کے حوالے سے بڑا نام کمایا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ قائد اعظمؒ محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد پہلی دستور ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے واضح کر دیا تھا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور اس کے تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہے۔پاکستان کا ہر شہری چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو وہ اپنی عبادت گاہ میں اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کرنے کا حق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ مسیحی برادری امن پسند اور ہمارے لئے قابل احترام ہے اور ہم آج مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے بھی تمام اقلیتوں کے یکسا ں حقوق پر زور دیا ہے اورآئین پاکستان کے تحت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریو ں کو یہاں رہنے اور کام کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے پر مسرت موقع پر تلخیوں کو بھلا کر محبت اور اخوت کے پیغام کو ہر جگہ پھیلانے کا عہد کرناہے ، بھا ئی چارے اور دوستی کی خوشبو کو چار وں صوبوں میں پھیلانا ہے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy