حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی غیرقانونی سزا کا فوری خاتمہ کرائے: عمائدین قومی جرگہ کا مطالبہ

Published on January 16, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 858)      No Comments
214393_54991582پشاور /لکی مروت(یوا ین پی) 2003سے انصاف اور امریکی قید سے رہائی کی منتظر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلئے لکی مروت، خیبر پختونخواہ میں ’’عافیہ قومی جرگہ ‘‘ کا انعقاد کیا گیاجس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سول سوسائٹی کے ارکان، بالخصوص علمائے کرام اور عوام کی کثیر تعداد نے بھر پور انداز میں شرکت کی اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو ان کے وعدے کی یاد دہانی کراتے ہوئے عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کا مطالبہ کیا ۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عافیہ قومی جرگہ کے سربراہ حاجی انور خان شریف خیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو ممکن بنانے کیلئے ہم حکومت سے ہر سطح پر تعاون کرنے کو تیار ہیں۔ حکومت اپنا دینی، قومی اور آئینی فریضہ ادا کرے اور قوم اورعافیہ کی والدہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرے ۔اس موقع پر حضرت مولانا عبدالحاکم نے خصوصی خطاب فرمایا اور ڈاکٹر عافیہ پر قرآن مجید کی روشنی میں تاثرات پیش کئے ۔انہوں نے عافیہ موومنٹ کی جدوجہدکو سراہا اور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی و وطن واپسی کو قومی غیرت کا مسئلہ قراردیتے ہوئے اسے ایک جائز مطالبہ قرار دے دیا اورمطالبہ کیا کہ حکومت وقت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے انہوں نے حکومت کو ہر قسم کے تعاون کا یقین بھی دلایا ۔جمعیت علمائے اسلام (ف) سرائے نورنگ کے امیر مولانا خلیل الرحمن نے کہا کہ مسلمانوں کی غیرت کہاں گئی ہم حکومت پاکستان وا مریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی باعزت طریقے سے ممکن بنائے ورنہ ہم سب کو گرفتار کرلے لیکن ڈاکٹر عافیہ کو رہا کردیں ۔ ہم ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے گرفتاری دینے کیلئے تیار ہیں۔جماعت اسلامی یونین کونسل ماما خیل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ عافیت اللہ نے کہا کہ حکمران خود تو عیش و عشرت کی زندگی بسر کررہے ہیں اورقوم کی بیٹی 13سال سے اذیت ناک قید میں بچوں سے دوررہ کر جرم بے گناہی کی سزا کاٹ رہی ہیں ۔ حکومت عافیہ کو باعزت رہائی دلوائے جماعت اسلامی ہرطرح سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہے ۔عافیہ قومی جرگہ کے آرگنائزر قاری انعام اللہ نے کہا کہ پوری قوم عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ ان کی بے گناہی کی بنیاد پر کررہی ہے اور حکومت اس معاملے میں غفلت اور تساہل کا مظاہرہ کرکے آئین کی خلاف ورزری کررہی ہے۔ڈپٹی آرگنائزر انور خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ31مارچ تک ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کو ممکن بنایا جائے ورنہ حکومت ملک گیر احتجاجی مظاہرے اور ریلی کے لئے تیار ہوجائے ۔ ہم وزیر اعظم سے بھر پور انداز میں مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ڈاکٹرعافیہ کی والدہ سے کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کریں ۔ اس موقع پر عافیہ قومی جرگہ کے عمائدین کی جانب سے مشترکہ یاداشت پیش کی گئی جس میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ عافیہ صدیقی کو پاکستانی شہری ہونے کے ناطے مکمل آئینی تحفظ اور وہ تمام حقوق دیئے جائیں جس کا ملک یا ملک سے باہر رہنے والا ہر پاکستانی شہری مستحق ہے ۔ ’’عافیہ قومی جرگہ ‘‘ایک مرتبہ پھر اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ ملکی اور بین الاقومی ماہرین قانون متعدد مرتبہ واضح طور پرکہہ چکے ہیں امریکی عدالت میں عافیہ صدیقی کے خلاف چلایا جانے والا نام نہاد مقدمہ خلاف بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ہے اس لئے عافیہ کوسنائی جانے والی 86سالہ سزاکی بھی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اس لئے حکومت پاکستان کا یہ آئینی فریضہ بنتا ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی 13سالہ غیرقانونی طویل سزا کا خاتمہ کرائے اور اسے فوری طور پر وطن واپس لائے ۔ بعد ازاں عمائدین نے عافیہ قومی جرگہ کی مشترکہ یاداشت پر دستخط کئے جسے ایوان صدر ، ایوان وزیر اعظم ، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کوارسال کیا جائے گا ۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes