پاکستان نے اپنے شہریوں کو عراق، شام، لیبیا اور یمن کا سفرکرنے سے روک دیا

Published on April 15, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 277)      No Comments

llll
اسلام آباد( یوا ین پی) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہاہے کہ پاکستان اوربھارت خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کے مذاکرات کیلئے ایکدوسرے سے رابطے میں ہیں،ہمسایہ ملک کے ساتھ تصفیہ طلب مسائل کاحل بات چیت کے ذریعے چاہتے ہیں،ہلاک ہونیوالے بھارتی قیدی کی لاش بھارت منتقل کرنے کیلئے وزارت داخلہ اور بھارتی ہائی کمیشن کوانتظامات کیلئے کہہ دیا ہے ،خطے میں ہتھیاروں کی دوڑکے خلاف ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں چارنہتے شہریوں کی شہادت کے واقعات پر تشویش ہے ، ایران نے اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے ، افغان مصالحتی عمل کیلئے پاکستان چارفریقی گروپ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے،عراق، شام، لیبیا اور یمن میں حالات ٹھیک نہیں، پاکستانی شہری ان ممالک کے سفرسے گریزکریں ۔جمعرات کوہفتہ وارپریس بریفنگ میں ترجمان نے کہاکہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتاہے پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کی بات چیت کیلئے دونوں فریق ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اورطریقہ کارطے کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ خارجہ سیکرٹریوں کی سطح کی بات چیت کافیصلہ وزیراعظم نریندرمودی کے گزشتہ سال دسمبرمیں افغانستان سے واپسی کے دوران اچانک پاکستان آمدکے موقع پرہواتھا۔انہوں نے کہاکہ پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات جاری ہیں ہماری مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے دہشت گردی سے موثراندازمیں نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی تعاون کی پالیسی کے تناظرمیں بھارت کادورہ کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان سے گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو سے ابھی تفتیش جاری ہے اور کچھ گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں، بھارتی جاسوس سے انکوائری کے نتیجے میں کچھ اور چیزیں بھی سامنے آئیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قیدی کرپال سنگھ کی پاکستان میں موت دل کے دورے کے باعث ہوئی، بھارتی قیدی کا آئی سی یو میں بھی علاج کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، لاش بھارت منتقل کرنے کے لئے وزارت داخلہ اور بھارتی ہائی کمیشن کوانتظامات کے لئے کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کم سے کم دفاعی قوت کی پالیسی پریقین رکھتاہے ہم خطے میں روایتی اورایٹمی ہتھیاروں کی دوڑکے خلاف ہیں ۔ افغانستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ افغان مصالحتی عمل کے لئے پاکستان چارفریقی گروپ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، افغان امن عمل کے لئے ماضی میں بھی مثبت کردار ادا کیا اور مستقبل میں بھی یہ کردار جاری رکھیں گے۔ پاکستان اورافغانستان کے بارے میں امریکی خصوصی نمائند ے رچرڈاولسن کے حالیہ دورہ پاکستان کے بارے میں انہوں نے کہاکہ رچرڈاولسن کی خارجہ سیکرٹری اعزازچوہدری سے ملاقات میں خطے کی صورتحال خصوصاً افغانستان کے بارے میں چارفریقی رابطہ گروپ کے اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ برادر ملک ہے اور تہران نے اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عراق، شام ، یمن اور لیبیا میں امن کا خواہاں ہے، تاہم ان ممالک کے حالات کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہیں کہ وہ غیرضروری طور پر ان ممالک کے سفر سے گریز کریں ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چارنہتے شہریوں کی شہادت اوروہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کو تشویش ہے جبکہ کشمیر سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog