پاکستان کو دہشتگردوں سے لڑنے کیلئے تنہا چھوڑ دیا گیا، چوہدری نثار

Published on April 27, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 346)      No Comments

7777
اسلام آباد/ لندن (یو این پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان کو کئی بار دہشت گردوں سے لڑنے کیلئے تنہا چھوڑ دیا گیا۔ پاکستان کے سیکورٹی مسائل دوسروں کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے مسئلے کے حل کو تھونپنا نہیں چاہیے بلکہ عالمی برادری کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقسیم برصغیر کے بعد کئی مسائل کو حل نہیں کیا گیا۔ ان حل طلب مسائل کی وجہ سے خطے میں مسائل پیچیدہ ہوگئے ہیں ۔ نائن الیون کا واقعہ قابل مذمت ہے اس کا سارا بوجھ پاکستان پر ڈال دیا گیا نائن الیون کے بعد پاکستان مسائل کا سامنا کررہا ہے۔ سابق آمر پرویز مشرف کے فیصلوں سے تباہ کن اثرات مرتب ہوئے۔ نائن الیون کے بعد فوجی آمر مشرف نے جلد بازی میں فیصلہ کیا۔ پاکستان کا نائن الیون حملوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ سوویت یونین نے افعانستان پر حملہ کیا تو پاکستان اس بار بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے زیادہ متاثر ہوا۔ تین سال قبل جب ہم نے حکومت سنبھالی تو روزانہ چھ سے سات دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے ہم نے پہلے دہشت گردوں سے مذاکرات کرکے معاملہ حل کرنے کا راستہ اپنایا جس پر ہمیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور طالبان کا دوست قرار دیا گیا۔ ماضی میں انسداد دہشت گردی کے خلاف پالیسی نہیں بنائی گئی ہم نے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے پالیسی بنائی اور اس کو نافذ کیا دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے حکومت ایک صفحہ پر ہیں ۔ انٹیلی جنس مربوط انداز سے کام کررہی ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں 54 فیصد کمی آئی ہے خود کش حملوں میں 31 فیصد کمی آئی ہے دہشت گردوں کے خلاف رائے عامہ تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی مکمل اتفاق رائے سے شروع کی تیس سے زائد انٹیلی جنس ادارے مربوط انداز میں کام کررہے ہیں۔ تین سالوں میں سیکیورٹی کی صورتحال 8 سالوں کی نسبت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹکے ہوئے افراد کو دہشت گردوں تک پہنچنے سے روکیں گے انٹیلی جنس کی بنیاد پر چالیس ہزار آپریشن کیے ہیں دہشت گردی کا اب کوئی واقعہ ہو تو سخت عوامی ردعمل آتا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف شعور پیدا ہوچکا ہے ہمارے خطے میں عالمی طاقتوں کی مداخلت کے باعث پاکستان پر اثرات پڑے۔ دہشت گردی جیسے مسائل سے اس کی نوعیت کے مطابق نمٹنا چاہتے ہیں۔ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔ اس کو افغانستان تک محدود نہیں کیا جاسکتا ۔ دہشت گردی کے مسئلے کے حل کو تھونپنا نہیں چاہیے بلکہ عالمی برادری کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن پسند مذہب ہے اسلام میں دہشت گردوں اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دہشت گردی سے سب سے زیادہ مسلمان ہی متاثر ہوئے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes