علی حیدر گیلانی کی طرح کشمیریوں کو بھی آزادی دلائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

Published on May 10, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 391)      No Comments

Bilawalباغ … چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج میرے بھائی علی حیدر گیلانی کو آزادی ملی ہے، کشمیر کے عوام کو بھی آزادی دلائیں گے۔ میاں نواز شریف نے مسلمانوں کے قاتل مودی کو اپنی دوستی کی ایسی سند دی ہے کہ اس کو ہمارا سب سے قریبی دوست اپنے ملک کا سب سے بڑا سول اعزاز دے رہا ہے ۔ اصل چھوٹو گینگ کا خاتمہ کرکے تخت رائیونڈ کی لوٹ مار ختم کرنی ہوگی۔ یہاں را کے ایجنٹ پکڑے جاتے ہیں لیکن میاں صاحب ایک لفظ نہیں بولتے۔ ن لیگی حکومت اقلیتوں اور کسانوں کے حقوق کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے، ن لیگ کی حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے، میاں صاحب کو پاناما لیکس کے معاملے پر جواب دینا ہی ہوگا۔
باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول چھوٹو گینگ نے کھول کر رکھ دیا ہے پنجاب کے وزیر اعلیٰ ہاوس کے چھوٹوگینگ کا خاتمہ کرکے اس کی لوٹ مار کو ختم کرنا ہوگا تخت رائیونڈ کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں غربت بڑھ رہی ہے ۔ میاں صاحب میرا مطالبہ مان لیں اور گھر چلے جائیں میں سرکس کے شیر کا کھیل ختم کردوں گا کیونکہ میں اس کا بیٹا ہوں جس کے بارے میں کہا جاتا ہے شیروں کا شکاری زرداری۔پاناما لیکس پر آپ کے کیمپ سے آنے والے مختلف بیانات اور ایک کے بعد ایک جھوٹ نے آپ کے کیس کو کمزور کرکے آپ کو مشکلات میں پھنسادیا ہے۔ آپ عوام کو جواب دہ ہیں لیکن آپ نہ ہی اسمبلی میں آتے ہیں اور نہ ہی اپوزیشن کو جواب دیتے ہیں ۔ پاناما لیکس کی تحقیقات اپنی جگہ لیکن میں نیب اور ایف آئی اے سمیت تمام اداروں سے سوال کرتاہوں کہ آپ حکومت کے مخالفین کے خلاف تو فوری طورپر تحقیقات شروع کردیتے ہیں لیکن 500 ارب روپے کے گردشی قرضوں ،اسحاق ڈار کے منی لانڈرنگ کے اقبالی بیان، نندی پور منصوبے ، ایل این جی سکینڈل کی تحقیقات کون کرے گا۔ نیب قومی احتساب بیورو ہے یا ن لیگ بیورو ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ قافلہ آج باغ پہنچ چکا ہے یہ وہ باغ ہے جو 2005 کے زلزلے میں اجڑ گیا تھا اس کو دوبارہ باغ بنانے میں پی پی کا کردار اہم تھااس الیکشن پر کشمیر کے مستقبل کا دارومدار ہے الیکشن میں دھونس دھاندلی سے ن لیگ کامیاب ہوگئی تویہ ایسا ہی ہوگا کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کی ملک دشمن پالیسیوں کی حمایت کردی ہے یہ الیکشن ان طاقتوں کے خلاف ریفرنڈ م ہے جو ملکی مفاد پر ذاتی کاروبار کو ترجیح دیتی ہیں۔ہم نے ہر فورم پر کشمیر کی آزادی کیلئے بات کی ہے اقوام متحدہ سے پوچھتاہوں کہ 67 سال ہوگئے لیکن اپنی ایک قرار داد پر عمل نہیں کراسکے اگرسوڈان میں ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو پھر کشمیر میں کیوں نہیں ہوسکتا۔ آج میرے بھائی علی حیدر گیلانی کو آزادی ملی ہے اور انشااللہ کشمیریوں کو بھی آزادی دلائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج بھارت میں وہ شخص برسر اقتدار ہے جس کے ہاتھوں پر گجرات کے مسلمانوں کا خون ہے ۔ مودی وہ وزیر اعظم ہے جسے دنیا کے بہت سے ممالک دہشتگرد سمجھتے تھے اور ویزہ دینے سے بھی انکاری تھے اس کے وزیر اعظم منتخب ہونے پر بھارتی خارجہ پالیسی کے ماہرین بھی پریشان تھے لیکن ایسے وقت میں ہمارے نادان حکمران گجرات کے مسلمانوں کے قاتل کوسہارا دینے کیلئے اس کی تقریب حلف برداری میں پہنچ گئے۔ میاں نواز شریف بھارت نوازی میں اتنے آگے بڑھ گئے کہ حریت رہنماوں سے ملاقات کرنا گوارا نہیں کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے ۔میاں صاحب آپ نے مودی کو اپنی دوستی کا ایسا سرٹیفکیٹ دیا ہے کہ اسے مسلمانوں کی سب سے بڑی طاقت کی طرف سے سب سے بڑا سول ایوارڈ مل رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگی حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے صرف ایک اورنج ٹرین کیلئے 5 گرجا گھروں کو گرایا جارہا ہے ایک طرف اورنج ٹرین کیلئے 162 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ دوسری طرف آزاد کشمیر کا مجموعی بجٹ صرف 68 ارب روپے ہے۔ ن لیگ کی حکومت کسانوں کے حقوق کے تحفظ میں بھی ناکام ہوچکی ہے ان کی پالیسیوں کی وجہ سے کسان احتجاج پر مجبور ہوچکے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy