میونسپل کمیٹیاں شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کے لئے ماسٹر پلان بنائیں ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز

Published on July 27, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 171)      No Comments

اوکاڑہ (یواین پی) ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ ضلع میں پارکوں،شہر کی معروف شاہرات و چوراہوںسمیت شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کے لئے پودے لگائے جائیں پارکوں میں سیر کے لئے آنے والوں کے لئے بہترین واکنگ ٹریک ،کیاریوں میں بہترین پھولدار پودے اور سدا بہار درخت لگائے جائیں محکمہ جنگلات کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹیاں اپنے زیر انتظام پارکوں ، گرین بیلٹس اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کے لئے ماسٹر پلان بنائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال پارک سمیت شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجازنے کہا کہ انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ ضلع کے تمام شہروں اور قصبات کے پارکوں کی تزئین و آرائش اور وہاں پر سہولیات کی فراہمی کے لئے اداروں کو متحرک کریں تمام متعلقہ ادارے باہمی ربط و رابطہ سے پارکوں ،گرین بیلٹس ،شہر کے چوک و چوراہوں سمیت شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت بنانے کے لئے اقدامات کریں انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس اور پارکوں میں جگہ کی مناسبت سے خوبصورت ،دیدہ زیب ،خوش رنگ پودے اور درخت لگائے جائیں پھولوں کی کیاریوں کے لئے بھی سدا بہار اور موسمی پھولوں کے پودے منتخب کئے جائیں ۔کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ شہروں کی معروف شاہرات اور چوراہوں جہاں پر درخت لگانا ممکن نہیں ہے وہا ں پر گملوں میں پودے لگاکر رکھے جائیں تاکہ ان چوراہوں کو خوبصورت بنایا جا سکے ۔انہوں نے افسران کو ہدائیت کی کہ وہ اس سلسلہ میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ درخت اور پودے لگانے کے بعد ان کی موثر نگرانی ،دیکھ بھال اور مانیٹرنگ کے لئے بھی تمام چیف آفیسران روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کریں تاکہ کی گئی محنت کا بھرپور فائدہ عوام کو مل سکے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy