ترکی کی عوام مبارکباد کے مستحق ہیں ؛ بلاول بھٹو زرداری

Published on July 17, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 244)      No Comments

5
کراچی(یو این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ترکی میں فوجی بغاوت کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ناکام کوشش کے بعد ترکی مزید مستحکم ور مضبوط قوم کی حیثیت سے سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی عوام مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے سڑکوں پر آکر ٹینکوں اور توپوں کا نہتے سامنا کیا اور سازشیوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بالعموم اور پاکستان پیپلزپارٹی بالخصوص فوجی بغاوت کے مضمرات سے آگاہ ہیں۔ تاریخ نے ہمیں سبق سکھایا ہے کہ جمہوری حکومت کوفتح کرنے سے ریاستی ادارے تباہ ہو جاتے ہیں اور ملک کی سماجی اور سیاسی صورتحال بھی تباہ ہو جاتی ہے۔ پاکستانی عوام سے زیادہ کوئی نہیں جانتا کہ جمہوریت ہی میں قوم کی بقاء ہے اور جمہوریت ہی عوام کے مفاد میں ہے۔ آج ساری دنیا میں جمہوری قوتیں اس بغاوت کی ناکامی پر خوش ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ترکی کی حزبِ اختلاف کی پارٹیاں بھی شاباش کی مستحق ہیں کہ انہوں نے سیاسی مخالفت کے باوجود جمہوریت کی حفاظت کی، حالانکہ ترکی کی حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت کی پالیسیوں سے متاثر ہوئی ہیں۔ اس مشکل وقت میں صدر اردگان کی قیادت کی تعریف کرنی چاہیے۔ اس ناکام بغاوت سے ترکی کے عوام اور ادارے مزید مستحکم ہوں گے اور انہیں تقویت ملتی ہے۔ اگر اس ناکام بغاوت سے کچھ فائدہ ہوا ہے تو وہ یہ ہے کہ دنیا بھر میں جمہوریت پسند قوتیں مستحکم ہوں گی اور کسی بھی طالع آزما کو کوئی ایسا قدم اٹھانے سے قبل اپنا انجام سوچنا ہوگا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress主题