وطن عزیز کا 70 واں یوم آزادی’’آج‘‘ شایان شان طریقہ سے منایا جائیگا

Published on August 14, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 962)      No Comments

14
دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعاؤں سے ہوگا ،
وفاقی دارالحکومت میں31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی
گلی محلوں میں گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم اور سبز ہلالی جھنڈیاں کی بہار
آزاد کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں نے بھی پاکستان کے یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں کر لیں
گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سبز ہلالی پرچم کی پینٹنگ ٗپرچموں والی جھنڈیوں، بیجز، ٹوپیوں کی فروخت کیلئے سٹال سج گئے
تعلیمی اداروں میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے بھی ملی نغموں، تقاریر کے مقابلوں کی ریہرسل شروع
ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائینگی ،سیمینارز اور دیگر تقریبات بھی ہونگی،
اسلام آباد میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ
واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر پر خصوصی پریڈ ہو گی ، صرف پاسز رکھنے والے پریڈ ایو نیو میں داخل ہو سکیں گے،قومی شناختی کارڈ بھی لازمی قرار
مختلف سماجی تنظیموں نے بھی یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقاریب کے اہتمام کی تیاریاں شروع کر دی ہیں
اسلام آباد (یوا ین پی) ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں راولپنڈی/اسلام آباد میں بھی وطن عزیز کا 70واں یوم آزادی ’’آج‘‘شایان شان طریقہ سے منایاجائے گا‘ تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ۔ آزاد کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی پاکستان کے یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں ۔یواین پی کے مطابق آج دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعاؤں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز اور دیگر مواد کی تیاری کیلئے چھاپہ خانوں اور کارخانوں میں ایڈوانس بکنگ پر کام ہونے لگا، نوجوانوں نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سبز ہلالی پرچم کی پینٹنگ کرانا شروع کر دی ہیں جبکہ پینٹر حضرات نے اس حوالے سے خصوصی رعایتی بینرز آویزاں کئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ یوم آزادی کی تیاریوں میں حصہ لینے کے لئے اپنی گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجا کر تقریبات کو جوش و جذبہ سے منائیں۔ دوسری جانب بازاروں میں جگہ جگہ قومی پرچموں والی جھنڈیوں، بیجز، ٹوپیوں کی فروخت کیلئے سٹال سج گئے ہیں اور چھاپہ خانوں میں دن رات کام ہو رہا ہے۔ گلی محلوں میں گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم اور سبز ہلالی جھنڈیاں آویزاں کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے بالخصوص بچوں میں جوش و جذبہ پایا جاتا ہے اور وہ اپنے گھروں کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے سجانے کے لئے تیاریاں کرتے نظر آ رہے ہیں۔ مختلف سماجی تنظیموں نے بھی یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقاریب کے اہتمام کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس حوالے سے سیمینارز، مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تحریک آزادی کے قائدین کی زندگی اور کارناموں سے نئی نسل کو روشناس کرایا جائے گا۔ سرکاری اور نجی سطح پر خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی طرف سے بھی یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی انتظامات اور پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا اور اہم سرکاری عمارتوں پر سی ڈی اے چراغاں کرے گا۔ گلی محلوں کی سطحوں پر نوجوانوں کی ٹولیوں نے اپنی گلیاں سبز ہلالی پرچم والی جھنڈیوں اور قومی پرچموں سے سجانے کے لئے اجتماعی کوششیں بھی شروع کر رکھی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں پہلی مرتبہ یونین کونسلوں کی سطح پر بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام ہوگا اور قومی پرچم کے بیجز نوجوانوں میں تقسیم کئے جائیں گے جو جوش و جذبہ سے یوم آزادی منانے کے لئے اپنے سینوں پر آویزاں رکھیں گے۔ تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنوں پر مبنی خصوصی کیسٹس، سی ڈیز کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے بالخصوص نوجوانوں میں ایک نیا جذبہ اور ولولہ جاگزیں ہوتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں پر چلتی بعض گاڑیوں میں ملی نغموں کی دھنیں سنائی دیتی ہیں۔ دریں اثناء وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے بھی ملی نغموں، تقاریر کے مقابلوں کی ریہرسل شروع کر دی گئی ہے اور اس حوالہ سے خصوصی پروگرام مرتب کر لئے گئے ہیں۔ ٹیلی ویژن چینلز اور ریڈیو کے نشریاتی اداروں کے پروگراموں میں ملی نغموں کی دھنوں کا اضافہ اور خصوصی قومی پرچم والے لوگو کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ پاکستان پوسٹ یوم آزادی کے موقع پر ممتاز سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرے گا۔علاوہ ازیں جشن آزادی کے موقع پر دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔آج 14 اگست کو اسلام آباد انتظامیہ نے موبائل فون سرو س بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںں پرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے۔ جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی طرف سے دہشت گردوں کی جانب سے کارروائی کی اطلاع پر پنجاب بھر میں یوم آزادی پر ہزاروں کی تعداد میں اہلکار سپیشل سکیورٹی ڈیوٹی ادا کرینگے۔ علاوہ ازیں واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر زپر جشن آزادی کے سلسلہ میں خصوصی پریڈ ہو گی جس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ رینجرز ترجمان کے مطابق صرف پاسز رکھنے والے مہمانوں کو پریڈ ایو نیو میں شرکت کی دعوت ہو گی جبکہ اس کے لئے تین بجے پریڈ ایو نیو میں پہنچنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ واہگہ اور گنڈا سنگھ باڈر آنے والوں کے لئے قومی شناختی کارڈ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ قومی اور نجی سطح پر خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں تحریک آزادی کے ہیروز کو سلام پیش کیا جائے گا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری حریت پسندوں کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور کشمیریوں کی تحریک آزادی اور استصواب رائے کے حق کے حصول کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا جائے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes