پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست

Published on August 28, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 624)      No Comments

111111111
لارڈز(یو این پی) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔ لندن کے لارڈز گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 5 اوورز میں 251 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 252 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو محمد عامر نے شروع میں ہی جیسن روئے کی وکٹیں اڑا کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلادی جس کے بعد ہیلز اور روٹ نے دوسری وکٹ میں 35 رنز کی شراکت قائم کی۔ الیکس ہیلز 14 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان آئن مورگن اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ کے درمیان زبردست شراکت میں 112 رنز کا اضافہ ہوا اور اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ مورگن 68 رنز بنا کر آؤٹ کھیل رہے تھے کہ عماد وسیم نے ان کی وکٹیں اڑا دیں یہ میچ میں ان کی دوسری وکٹ تھی، روٹ نے دوسرے اینڈ سے کھیل کو جاری رکھا اور بین اسٹوکس کے ساتھ 56 رنز کی ایک اور اچھی شراکت بنالی لیکن اسٹوکس 42 رنز بنانے کے بعد حسن علی کو وکٹ دی بیٹھے، بٹلر کو یاسر شاہ نے رن آؤٹ کردیا۔جوروٹ نے انگلینڈ کی جانب سے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو جیت کے قریب لا کر 240 کے مجموعے پر 89 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے 252 رنز کا مطلوبہ ہدف 48 ویں اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔معین علی 21 اور کرس ووکس 7 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ قبل ازیں پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سمیع اسلم کے ساتھ شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن سمیع اسلم دوسرے ہی اوور میں ایک رن اور شرجیل خان تیسرے اوور میں اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی بولڈ ہو گئے جب کہ کپتان اظہر علی بھی اسکور بورڈ کو زحمت دیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ 3 کھلاڑیوں کے جلد آٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور سرفراز احمد کے درمیان 64 رنز کی شراکت ہوئی تاہم 66 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 30 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے جب کہ شعیب ملک بھی 28 رنز ہی بناسکے۔ سرفراز احمد اور عماد وسیم نے ذمہ داری کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور77 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کی، اس دوران سرفراز احمد نے لارڈز میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کیا وہ 105 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑی بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے حسن علی بغیر کوئی کھاتہ کھولے واپس لوٹ گئے جب کہ وہاب ریاض 6 یاسر شاہ صفر اور محمد عامر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ سے قبل اظہر علی کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے اور گزشتہ میچ میں ہونے والی غلطیوں پر قابو پا کر سیریز برابر کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد حفیظ، محمد نواز اور عمر گل کی جگہ سمیع اسلم، یاسر شاہ اور حسن علی کو پلیئنگ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 44 رنز سے شکست دے دی تھی۔ انگلینڈ کو 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 2 صفر کی برتری حاصل ہے تاہم لارڈز میں پاکستان کو مجموعی طور پر برتری حاصل ہے، اور اب تک کھیلے گئے 7 میچز میں سے پاکستان نے 4 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes