حکومت پنجاب نے عاشورہ محرم پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں،رانا ثناء اﷲ خاں

Published on October 10, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 375)      No Comments

18
فیصل آباد(یو این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ حکومت نے عاشورہ محرم پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے ہیں جن پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے مقررہ کردہ اعلی سطحی مانیٹرنگ ٹیمیں سرگرم عمل ہیں جو تحفظ عامہ کے لئے سیکورٹی اداروں کو متحرک رکھیں گی ۔انہوں نے یہ بات ڈی سی او آفس میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی سی او سلمان غنی اور سی پی او افضال احمد کوثر نے عاشورہ محرم پر حفاظتی اقدامات اور انتظامی امور کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو ‘ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب رائے حیدر علی کھرل ‘ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی حاجی اکرم انصاری ‘ بیگم خالدہ منصور ‘چوہدری شہباز بابر ‘ ڈاکٹر نثار جٹ ‘ رجب علی خاں بلوچ ‘ محمد نواز ملک ‘ حاجی الیاس انصاری ‘ حاجی خالد سعید ‘ چوہدری فقیر حسین ڈوگر ‘ آزاد علی تبسم ‘ مدیحہ رانا ‘ بیگم نجمہ افضل ‘ عارف محمود گل ‘ جعفر علی ہوچہ ‘ رائے عثمان کھرل و دیگر کے علاوہ وائس چیئرمین واسا میاں عرفان منان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ کے پیش نظر محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے شدید ترین خطرات پائے جاتے ہیں اور ان چینلجز کا مقابلہ کرنے کے لئے حفاظتی انتظامات میں معمولی سی لغزش کی بھی گنجائش نہیں لہذا سیکیورٹی سٹاف کو خطرات کا بخوبی ادراک ہونا چاہئے اور محرم جلوسوں و مجالس کی ہر زاویے سے سخت ترین سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اداروں کی رپورٹس کے مطابق عاشورہ محرم پر فیصل آباد میں دہشت گردی کے شدید خطرات لاحق ہیں اور ایسی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ پولیس کے ساتھ ساتھ امن کمیٹیوں ‘ سول سوسائٹی ‘ میڈیا اور محرم جلوسوں و مجالس کے منتظمین سمیت ہر محب وطن شہری کو اپنا قومی کردار ادا کرنا ہو گا ۔ اس مقصد کے لئے باہمی تعاون اور مضبوط رابطے کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ صوبائی وزیر قانون نے حساس جلوسوں و مجالس اور ٹربل پوائنٹس پر اضافی سٹاف کے ذمہ دارا افسران کی ڈیوٹی اور مذہبی کشیدگی سے بچنے کے لئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے ڈی سی او اور سی پی او سے کہا کہ وہ ارکان پارلیمنٹ و ضلعی امن کمیٹی اور میڈیا کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں ،اس ضمن میں فیصل آباد شہر کے علاوہ تحصیل ‘قصبوں اور گاؤں کی سطح پر سیکیورٹی امور پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حفاظتی انتظامات کسی جگہ نرم نہیں ہونے چاہیں ۔ اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی نے تاندلیانوالہ‘ جڑانوالہ اور دیگر علاقوں میں محرم جلوسوں کی صورتحال اور احتیاطی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ڈی سی او اور سی پی او نے بتایا کہ عاشورہ محرم کے موقع پر ضلع میں تعزیہ و ذوالجناح کے 147 جلوس نکالے جائیں گے جبکہ عشرہ محرم کے دوران مجموعی طور پر 1281 مجالس کا انعقاد کیا جاتا ہے جن کے تحفظ کے لئے جامع سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ان کے علاوہ بعض علماء و ذاکرین کی زبان بندی اور ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر بھی پابندی کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف قوانین و شرائط پر بھی سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے ۔ آخر میں ملک و قوم کی ترقی ‘ امن وآشتی اور محرم انتظامات کی کامیابی کے لئے دعا کی گئی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes