کسی کو اسلام آباد بند کرنے کی اجازت نہیں دینگے‘ رانا ثناء اللہ

Published on October 27, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 289)      No Comments

222لاہور(یو این پی ) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ کسی کو بھی اسلام آباد بند کرنے کی اجازت نہیں دینگے‘ پی ٹی آئی کی قیادت کو ہر سطح پر مذاکرات کے ذریعے سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں‘ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آجائے گا‘ عمران خان ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں‘ احتجاج کرنا آئینی حق ہے‘ تاہم گالی گلوچ اور شہریوں کا راستہ بند کرنا اور انہیں گھروں تک محصور کر دینا کسی کا بھی آئینی حق نہیں ہے‘ کہا جا رہا ہے کہ لاشوں کے بغیر کام نہیں چلے گا‘ اگر ان کے ارادے یہی ہیں تو حکومت ان کو ایسا کرنے سے روکے گی‘احتجاجی مظاہرے کیلئے اسلام آباد کی انتظامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے۔ وہ بدھ کو ایوان وزیر اعلیٰ 90 شاہراہ قائد اعظم میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران‘ ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری‘ رانا محمد ارشد اور عظمیٰ زاہد بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد ہر آنکھ پرنم ہے اور اسکی مذمت کر رہی ہے جبکہ ایک پاگل آدمی اسی روز ٹی وی چینلز پر آکر وہی پرانی باتیں دہرا رہا ہے کہ وہ اسلام آباد کو بند کر دیں گے‘ اس سے زیادہ غیر ذمہ دار شخص کوئی اور نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس سے قبل بھی درجنوں مرتبہ احتجاجی مظاہرے‘ دھرنے اور کیٹ واکس کیں جس کیلئے انہوں نے انتظامیہ سے اجازت مانگی جس کی نہ صرف اجازت دی گئی بلکہ فول پروف سکیورٹی بھی فراہم کی گئی۔اس دفعہ بھی اگر وہ آئینی تقاضے پورے کریں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں تاہم اگر کوئی چڑھائی کرکے شہر بند کرنے کی دھمکی دیتا ہے اور ریاست کا مذاق اڑانا چاہتا ہے تو حکومت اس کی اجازت نہیں دے گی کیونکہ ہمارا بھی آئینی‘ قانونی اور جمہوری فرض ہے کہ ہم ان کو باز رکھیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور درد ناک ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس پر پنجاب نے سوگ کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد دو گروپوں کی طرف سے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی گئی تاہم خود کش حملہ آورکی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا تعلق ازبکستان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اگر کوئی کمی ہے تو اس پر طعنہ دینے کی بجائے اس کی نشاندہی کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم یہ بات کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کبھی ختم نہیں ہو سکتی جس کا مطلب ہے کہ ان کا اس میں ہاتھ ہے جبکہ افغانستان جیسا دوست مسلم ملک بھی غلط فہمی کا شکار ہو کر بھارت کو ترجیح دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر 100 فیصد عمل ہو رہا ہے، اس کی کامیابی کیلئے مسلسل اور تسلسل کا عمل بہت ضروری ہے۔ رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ تمام مدارس کی جیو ٹیکنگ کی جاچکی ہے لیکن اس کیلئے تسلسل بہت ضروری ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ ان حالات میں جب ملک میں دہشت گردی کے بڑے واقعات رونما ہو رہے ہوں‘ تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے جبکہ عمران خان ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو ابھی تک یہ نہیں پتا کہ انہوں نے کرنا کیا ہے‘ وہ خود کنفیوز ہیں جب وہ جگہ اور وقت کا تعین کر لیں تو پھر ہم بھی حکمت عملی تیار کرلیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انکی اطلاع کے مطابق طاہر القادری وطن واپس نہیں آرہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy