راولپنڈی میں آرمی چیف کے حق میں نئے بینرز آویزاں

Published on November 5, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 360)      No Comments

111
راولپنڈی(یو این پی) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حق میں نئے بینرز آویزاں کر دیئے گئے۔ نئے بینرز غیر معروف عوامی مانٹیرنگ سیل (راولپنڈی) کے ترجمان شیخ امجد علی کی جانب سے راولپنڈی کے مختلف مقامات پر لگائے گئے۔ ان بینرز میں آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں حصہ لینے میں حائل 2 سالہ پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب حکومت و اپوزیشن سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتشاری سیاست ختم کردیں۔ بینرز پر تحریر ہے، ‘حکومتی اور اپوزیشن ارکان اسمبلی ملک کی سلامتی کی خاطر انتشار کی سیاست ختم کریں، آئین میں سرکاری ملازمین کی سیاست میں حصہ لینے کی مدت 2 سال سے کم کر کے ایک سال کردی جائے تاکہ 2018 کے انتخابات میں ہمارے ملک کی نامور شخصیت ‘جنرل راحیل شریف’ حصہ لے کر وزیراعظم بن جائیں’۔ مزید تحریر ہے، ‘امید ہے ان کی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوجائے گی (ان شاء اللہ)، اس طرح عسکری اور سول حکومت میں ہم آہنگی ہوجائے گی اور ہمارا ملک تیزی سے ترقی کرے گا’۔ ایک دلچسپ بات یہ ہے کہ ان بینرز پر آرمی چیف کی تصویر سول لباس میں دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل ان کی حمایت میں لگائے جانے والے بینرز میں جنرل راحیل شریف کی فوجی وردی میں ہی تصویر دی جاتی رہی ہے۔ جب اس حوالے سے بینرز پر درج نمبر پر رابطہ کیا گیا تو ترجمان شیخ امجد علی نے فوری طور پر کسی قسم کے تبصرے سے معذرت کرلی اور نہ ہی وہ اپنی پارٹی یا تنظیم کے حوالے سے کچھ بتانے پر راضی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا، ‘ابھی انھیں کسی ضروری کام سے جانا ہے، وہ پرسوں خود رابطہ کرکے تفصیلات سے آگاہ کریں گے’۔ یاد رہے کہ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے، جب ملک میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی حمایت میں بینرز لگائے گئے۔ اس سے قبل ایک غیر معروف سیاسی تنظیم ‘موو آن پاکستان’ کی جانب سے بھی ملک کے مختلف شہروں میں اس طرح کے بینرز لگائے گئے تھے۔ یہ تنظیم رواں برس فروری میں اُس وقت عوام کی توجہ کا مرکز بنی تھی جب اس نے آرمی چیف کی حمایت میں ملک بھر میں پوسٹرز اور بینرز لگائے، جن میں آرمی چیف سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور ملک سے کرپشن اور ہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ان بینرز پر درج تھا، ’جانے کی باتیں جانے دو’۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes