افغانستان میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاتون اغوا

Published on November 7, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 325)      No Comments

4
کابل/ سڈنی(یو این پی)  افغانستان میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاتون کو اغواء کر لیا گیا ہے، آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے تصدیق کر رہے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل پولیس کے سربراہ جنرل عبدالرحمٰن رحیمی نے اتوار کو کہا کہ خاتون کو ہفتہ کو دیر گئے ان کے ڈرائیور کے ہمراہ اغوا کیا گیا۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے ایک پاکستانی نژاد آسٹریلوی خاتون کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ کابل پولیس کے سربراہ جنرل عبدالرحمٰن رحیمی نے اتوار کو کہا کہ خاتون کو ہفتہ کو دیر گئے ان کے ڈرائیور کے ہمراہ اغوا کیا گیا۔ ان کے بقول اس واقعے کی تحقیقات میں خاصی پیش رفت ہوئی ہے لیکن سردست وہ اس بارے میں ذرائع ابلاغ کو آگاہ نہیں کر سکتے۔ جنرل رحیمی نے خاتون سے متعلق مزید تفصیلات تو فراہم نہیں کیں لیکن پولیس کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی خبر رساں ایجنسی “ایسوسی ایٹڈ” پریس کو بتایا کہ خاتون کی عمر تقریباً 40 سال سے زائد ہے اور وہ ایک ایجنسی کوآرڈینیٹنگ باڈی فار افغان ریلیف نامی تنظیم کے لیے کام کرتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اغوا کا یہ واقعہ کابل شہر میں قلعہ فتح اللہ نامی علاقے میں پیش آیا۔ ادھر آسٹریلوی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اپنے ایک شہری کے اغوا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطرناک سلامتی کی صورتحال اور اغوا کے خطرات کے پیش نظر آسٹریلیا اپنے شہریوں کو افغانستان کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کرتا رہا ہے۔ افغانستان میں اغوا کے واقعات حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں جن میں خاص طور پر عسکریت پسند غیرملکی شہریوں کو اغوا کر کے ان کی رہائی کے بدلے بھاری رقم اور اپنے ساتھی چھڑوانے جیسے مطالبات کرتے رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی رواں سال دو آسٹریلوی شہری اغوا ہو چکے ہیں جن میں اپریل میں جلال آباد سے اغوا ہونے والی خاتون کیری جین ولسن کو اگست میں بازیاب کروایا جا سکا۔ اگست میں ہی کابل میں قائم امریکی یونیورسٹی سے وابستہ آسٹریلوی اور ایک امریکی شہری کو اغوا کر لیا گیا تھا جنہیں تاحال بازیاب نہیں کروایا جا سکا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes